ٹیکسس کےبغیرملک نہیں چلتے،کچھ وقت مہنگائی برداشت کرناپڑےگی،مشیرتجارت

لاہور: وزیراعظم عمران خان کے مشیر تجارت عبد الرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ ہم سبسڈیز پر زندگی گزارنے والے لوگ ہیں، چاہتے ہیں کہ حکومت سب کچھ کرے لیکن ہمیں کچھ نہ کرنا پڑے۔انہوں نے کہاکہ  روپے کی قدر کم ہونے سے مہنگائی تو ہوگی اور عوام کو کچھ عرصہ مہنگائی کو برداشت کرنا پڑے گا۔لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں عبدالرزاق داؤد کہنا تھا کہ پاکستان میں لوگ ٹیکس دینا نہیں چاہتے لیکن ٹیکس کے بغیر ملک نہیں چلتے جو کہ ہمیں سمجھنا ہوگا، جن اداروں کی مینجمنٹ خسارے میں ہے وہ خود بند ہوجائیں گے۔مشیر تجارت کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کاروباری صلاحیت بڑھ رہی ہے اور ملکی تجارتی خسارے میں کمی آرہی ہے،  اب صرف 22 خاندان ہی کاروبار میں نہیں بلکہ 22 ہزار سے زائد کاروبار میں آچکے ہیں، ہمارے اقدامات سے زرمبادلہ کے ذخائر میں بہتری آئی ہے۔انہوں نے کہا کہ وژن کیلئے تعلیم کے ساتھ محنت کرنی ہوتی ہے، سب سے پہلے وژن ضروری ہے، فیل ہونے سےفرق نہیں پڑتا کیوں کہ سیکھنےکو ملے گا اور آپ کامیاب ہوں گے۔