وسیمہ بدغیسی کے علاوہ کوئی بھی ملزم عدالت میں پیش نہیں ہوا۔فائل فوٹو
وسیمہ بدغیسی کے علاوہ کوئی بھی ملزم عدالت میں پیش نہیں ہوا۔فائل فوٹو

دھاندلی کا الزام،الیکشن کمیشن کے 10 سابق ارکان کو 5،5 سال قیدکی سزا

افغانستان کی انسداد بد عنوانی عدالت نے الیکشن کمیشن کے 10 سابق ارکان کو دھاندلی کے الزام میں 5،5 سال قید کی سزا سنادی۔عدالت کی جانب سے سزا پانے والوں میں الیکشن کمیشن کے 7 اورالیکٹورل شکایات کمیشن کے 3 سابق ارکان شامل ہیں۔

افغان میڈیا کے مطابق سزا پانے والے الیکشن کمیشن ارکان پر الزام ہے کہ انہوں نے گزشتہ برس اکتوبر میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں الیکٹورل فراڈ (دھاندلی ) کیا تھا۔ الیکٹورل کمپلینٹس کمیشن کے سابق سربراہ عبد العزیزآریائی اور دو ارکان حمیرا اقبال اور عبدالبصیر فائز نے گزشتہ برس ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں کنڑ صوبے سے حصہ لینے والے بعض امیدواروں کے ووٹوں میں رد و بدل کی تھی۔

دوسری جانب الیکشن کمیشن کے سابق ارکان عبدالبادی سید، وسیمہ بدغیسی، معاذ اللہ دولتی، رفیع اللہ بدر، عبدالقادر قریشی، سید حافظ اللہ اورملیحہ حسن پر بھی الزام ہے کہ انہوں نے الیکشن میں دھاندلی کی ۔

اٹارنی جنرل آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ منگل کے روز ہونے والی سماعت میں وسیمہ بدغیسی کے علاوہ کوئی بھی ملزم عدالت میں پیش نہیں ہوا ۔ مقدمے میں سابق ہیڈ آف الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ احمد شاہ زمان زئی اور آئی ڈیپارٹمنٹ کے سابق سربراہ سید ابراہیم سعادت کو بری کردیا گیا ہے۔