فائل فوٹو
فائل فوٹو

سپریم کورٹ نے حکومت کو اسٹیل ملزکی زمین بیچنے سے روک دیا

سپریم کورٹ آف پاکستان نے وفاقی حکومت کو پاکستان اسٹیل ملزکی زمین فروخت کرنے سے روک دیا، عدالت نے وزارت صنعت و پیداوارکے اکاﺅنٹس منجمد کرنے کے حکم کیخلاف حکومتی درخواست خارج کردی۔

تفصیلات کے مطابق جسٹس گلزاراحمد کی سربراہی میں بنچ نے اسٹیل ملز کی زمین فروخت کیخلاف درخواست پر سماعت کی،جسٹس گلزاراحمد نے اسٹیل ملزکی کارکردگی پر اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ کیوں نہ اسٹیل ملز کے معاملے کا نوٹس لے لیں۔

جسٹس گلزاراحمد نے ریمارکس دیے کہ اسٹیل ملز کی پیداوار صفر ہے اپنی جیبیں بھرنے کیلیے سٹیل ملز کو تباہ کیا گیا ،پاکستان اسٹیل ملز بہت بڑا ادارہ تھا،پاکستان سٹیل ملز میں گاڑیاں،ٹرک اورراکٹ تک بنتے تھے۔

سپریم کورٹ نے وفاقی حکومت کو پاکستان اسٹیل ملز کی زمین فروخت کرنے سے روک دیا،سپریم کورٹ نے کہا کہ پاکستان اسٹیل ملزکی زمین عوام کی ملکیت ہے ،فروخت نہیں ہو سکتی ،عدالت نے وزارت صنعت و پیداوارکے اکاﺅنٹس منجمد کرنے کے حکم کیخلاف حکومتی درخواست خارج کردی۔