حفاظتی ٹیکوں کی کوریج کے لیے ہیلپ لائن 1166 بنائی ہے، محکمہ صحت سندھ
حفاظتی ٹیکوں کی کوریج کے لیے ہیلپ لائن 1166 بنائی ہے، محکمہ صحت سندھ

سندھ میں رواں برس کا پہلا پولیو کیس سامنے آگیا

سال 2020 کا دوسرا اور صوبہ سندھ میں رواں برس کا پہلا پولیو کیس سامنے آگیا، ٹنڈوالہٰ یار کی 7 ماہ کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوگئی۔

تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ سے پولیو کا نیا کیس سامنے آگیا، ٹنڈو الہٰ یارکی 7ماہ کی بچی میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ یہ رواں برس ملک میں دوسرا پولیو کیس ہے۔اس سے قبل صوبہ خیبر پختونخوا میں سال 2020 کا پہلا پولیو کیس سامنے آیا تھا۔

پولیو کے حوالے سے سال 2019 بدترین رہا جب ملک بھرمیں 136 پولیو کیسز ریکارڈ کیے گئے، پولیو کی یہ شرح سنہ 2014 کے بعد بلند ترین شرح ہے۔ 2014 میں پولیو وائرس کے 306 کیسز سامنے آئے تھے اور یہ شرح پچھلے 14 سال کی بلند ترین شرح تھی۔

سنہ 2015 میں ملک میں 54، 2016 میں 20، 2017 میں سب سے کم صرف 8 اور سنہ 2018 میں 12 پولیو کیسز ریکارڈ کیے گئے تھے۔اس تمام عرصے میں پولیو کیسزکی سب سے زیادہ شرح صوبہ خیبر پختونخواہ میں دیکھی گئی۔ صوبہ سندھ بدقسمتی سے اس حوالے سے دوسرے نمبر پر رہا۔

گزشتہ برس کے مجموعی 136 پولیو کیسزمیں سے صرف خیبر پختونخواہ میں ریکارڈ کیے گئے پولیو کیسز کی تعداد 92 تھی۔ 25 کیسز سندھ میں،11 بلوچستان اور 8 پولیو کیسز پنجاب میں سامنے آئے تھے۔

دوسری جانب رواں سال کے آغازپرہی محکمہ انسداد پولیو پروگرام سے جاری شدہ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان کے 15 شہروں سے پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہوئی ہے۔

محکمے کے مطابق سندھ کے 4 اور بلوچستان سے 2 مقامات سے پولیو وائرس ملا، رپورٹ کے مطابق ملک بھر سے لیے گئے 13 نمونوں میں ٹائپ ون اور 2 میں ٹائپ ٹو وائرس کی موجودگی کا انکشاف ہوا ہے۔