ہزاروں لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور بھارتی مظالم کے خلاف شدید احتجاج کیا۔فائل فوٹو
ہزاروں لوگ سڑکوں پر نکل آئے اور بھارتی مظالم کے خلاف شدید احتجاج کیا۔فائل فوٹو

ملک بھر میں یوم یکجہتی کشمیرمنایا جا رہا ہے

مظلوم کشمیریوں پر بھارتی فوج کی جانب سے مسلسل اور بدترین مظالم کے خلاف پاکستان سمیت دنیا بھر میں یوم یک جہتی کشمیر منایا جا رہا ہے، کشمیری شہدا کوخراج عقیدت پیش کرنے کے لیے صبح 10 بجے ملک بھر میں ایک منٹ کی خاموشی اختیارکی گئی۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سمیت دنیا بھر میں مظلوم کشمیریوں کے ساتھ اظہاریکجہتی کے لیے ریلیاں نکالی گئیں اورتقریبات منعقد کی گئیں۔

یوم یک جہتی کشمیر پرآزاد کشمیر کی قانون ساز اسمبلی کا اجلاس بھی طلب کیا گیا، اجلاس سے وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے خصوصی خطاب کیا، کوہالہ پل پر سائرن بجائے گئے اورایک منٹ کی خاموشی اختیارکی گئی، انسانی ہاتھوں کی زنجیر بھی بنائی گئی۔

یوم یکجہتی کشمیرکے موقع پر چاروں صوبائی دارالحکومتوں سمیت شہر،شہر ریلیوں کا انعقاد کیا جارہا ہے جن میں اسکولوں کے بچوں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہے۔ مظاہرین بھارت کے خلاف اور کشمیر کے حق میں بھرپورنعرے بازی کر رہے ہیں۔

نعرہ تکبیراورکشمیر بنے گا پاکستان کے نعروں سے فضا گونج رہی ہے۔ مظاہرین نے مودی کے پتلے اور تصاویر بھی نذر آتش کیں۔ شرکا نے عالمی برادری اور اسلامی ممالک کے سوئے ضمیروں کو جھنجوڑتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ہر مشکل گھڑی میں کشمیریوں کے ساتھ ہیں۔

راولپنڈی ہولاڑپل پر کشمیریوں سے یک جہتی کے لیے انسانی ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی، اراکین اسمبلی، اے سی کہوٹہ، سماجی کارکنان اوراسکول کے بچوں سمیت سیکڑوں افراد نے شرکت کی۔

کوئٹہ، چمن شہر میں بھی یوم یک جہتی کشمیر جوش و جذبے سے منایا جا رہا ہے، شہر کی اہم شاہراہوں اور اہم عمارتوں پر کشمیر کے پرچم لہرا دیے گئے ہیں، ضلع بھر میں مختلف ریلیوں کا انعقاد بھی کیا جا رہا ہے۔

حکومت سندھ کی جانب سے کراچی میں یوم یک جہتی کشمیر ریلی اور جلسے کا انعقاد کیا جائے گا، کشمیر روڈ سے مزار قائد تک وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی قیادت میں ریلی نکالی جائے گی، پیپلز پارٹی کی جانب سے کشمیرکالونی میں جلسہ عام ہوگا، جس سے فریال تالپوراوردیگر رہنما خطاب کریں گے۔

خیال رہے کہ مقبوضہ جموں کشمیر میں کرفیو اورلاک ڈاؤن مسلسل 185 روز سے جاری ہے، مقبوضہ وادی میں انٹرنیٹ، موبائل فون سروس بدستور معطل ہے، ہزاروں کشمیریوں کو جیلوں میں ڈالا جا چکا ہے، خواتین پر بھی تشدد کیا جا رہا ہے اوران کے خلاف جنسی حملوں کو ایک ہتھیار کے طورپر استعمال کیا جا رہا ہے۔