او پی ڈیزاور دوسرے وارڈز والاعملہ کورونا کے خلاف فرنٹ لائن ورکرز میں شامل نہیں۔فائل فوٹو
او پی ڈیزاور دوسرے وارڈز والاعملہ کورونا کے خلاف فرنٹ لائن ورکرز میں شامل نہیں۔فائل فوٹو

پاکستان میں کرونا سے اموات 93 ہوگئیں۔5374متاثر

پاکستان میں کورونا سے مزید 2 افراد جاں بحق ہو گئے جس کے بعد ملک میں مجموعی اموات 93 ہوگئیں جبکہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 5374 تک پہنچ گئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمارکے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 336 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں سب سے زیادہ 2594، سندھ میں 1411، خیبر پختونخوا میں 744، بلوچستان میں 230، گلگت بلتستان میں 224، اسلام آباد میں 131 جبکہ آزاد کشمیر میں 40 کیسز رپورٹ ہوئے۔

ملک بھر میں اب تک 65 ہزار 114 افراد کے ٹیسٹ کیے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 3233 نئے ٹیسٹ کیے گئے، اب تک 1095 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں۔

پاکستان میں کورونا سے مزید 2 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 93 ہوگئی۔ سندھ میں 30، پنجاب میں 23، خیبر پختونخوا میں 34، گلگت بلتستان میں 3، بلوچستان میں 2 اور اسلام آباد میں ایک مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ اب تک 462 ہسپتالوں میں قائم قرنطینہ مراکز مریضوں کا علاج جاری ہے، ان ہسپتالوں میں 7295 بیڈز کا بندوبست کیا گیا ہے۔

پنجاب

پنجاب میں کورونا وائرس کے 169 نئے مریضوں کی تصدیق کی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ٹویٹ میں بتایا کہ صوبے میں مزید 2 اموات کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 23 اور مریضوں کی مجموعی تعداد 2594 ہوگئی ہے۔ جن میں 701 زائرین،821 تبلیغی جماعت کے ارکان، 89 قیدی اور 983 عام شہری ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ سب سے زیادہ مریض لاہور میں 434، ننکانہ صاحب 16، قصور 9، شیخوپورہ 10، راولپنڈی 71، جہلم 27، چکوال 4، گوجرانوالہ 38، سیالکوٹ 27، نارووال 8، گجرات 135، حافظ آباد 12، منڈی بہاؤالدین 8، ملتان 23، وہاڑی 19، فیصل آباد 31، چنیوٹ 8، ٹوبہ ٹیک سنگھ 2، جھنگ 1، رحیم یار خان 41، سرگودھا 8، میانوالی 10، خوشاب 4، بہاولنگر 5، بہاولپور 6، لودھراں 3، ڈی جی خان 18، لیہ، اوکاڑہ، اٹک میں ایک ایک مریض ہے۔

صوبہ میں 10 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔ گزشتہ روز میو ہسپتال میں مزید 7 غیر ملکی اور4 مقامی مریض صحت یاب ہوگئے جس کے بعد لاہور کے ہسپتالوں سے ڈسچارج ہونیوالے مریضوں کی تعداد 76 ہوگئی۔

ادھر لاہور کے علاقے سوڈیوال کی سکندریہ کالونی کی گلی میں کورونا وائرس میں مبتلا افراد کی تعداد 42 ہو گئی ہے، تین روز قبل یہاں صرف 10 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی تھی، اگلے روز مزید 10 مریض آئے اور گزشتہ روز 22 نئے کیسز کی تصدیق ہوگئی۔

پولیس کے مطابق 57 گھروں پر مشتمل سکندریہ کالونی کی گلی کو مکمل لاک ڈاؤن کیا گیا ہے۔ ضلعی انتظامیہ اور ٹائیگر فورس کی جانب سے متاثرہ گھروں میں راشن، ادویات اور دیگر ضروری سامان پہنچایا جا رہا ہے۔
سندھ

سندھ میں مزید 93 افراد کے ٹیسٹ مثبت آئے ہیں جس کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی تعداد 1411 ہوگئی ہے۔ محکمہ صحت نے بتایا کہ تمام نئے کیسز کراچی میں رپورٹ ہوئے جس کے بعد صرف کراچی میں مجموعی کیسز کی تعداد 896 ہوگئی۔ مرتضیٰ وہاب نے بتایا کہ مزید 18 افراد صحت یاب ہو کر گھروں کو جا چکے ہیں اوراب تک 389 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

وزیر اعلیٰ سندھ کے مشیر مرتضیٰ وہاب نے بتایا ہے کہ کراچی میں مزید 2 مریض جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 30 ہوگئی، گزشتہ روز جاں بحق ہونیوالوں میں 59 سالہ مرد اور 64 سالہ خاتون شامل ہیں۔

ادھر رپورٹ کے مطابق کراچی میں بیرون ملک سے آئی دلہن نے 18 رشتے داروں کو کورونا وائرس سے متاثر کر دیا۔ چراغ کالونی میں 24 مثبت کیسز رپورٹ ہونے کے بعد علاقے کو مکمل طور پر سیل کر دیا گیا ہے۔ محکمہ صحت کے حکام نے بتایا کہ یہ فیصلہ گلستان سوسائٹی میں ایک ہی خاندان کے 19 افراد کے کورونا وائرس سے متاثر ہونے کے بعد کیا گیا۔

وائرس کا یہ پھیلاؤ برطانیہ سے آئی لڑکی کی شادی کی تقریب کے بعد دیکھا گیا۔ شادی کے فوری بعد دلہن کی طبیعت خراب ہوئی اوراس کا کووڈ 19 کا ٹیسٹ مثبت آیا جبکہ ساتھ ہی اس کے 18 دیگر رشتہ دار بھی وائرس سے متاثر ہوگئے۔

خیبر پختونخوا

خیبر پختونخوا کے محکمہ صحت نے 47 نئے کیسزکی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ صوبہ میں مریضوں کی تعداد 744 ہوگئی جبکہ مزید 3 مریض جاں بحق ہوگئے جس کے بعد ہلاکتیں 34 تک پہنچ گئی ہیں۔

ٹوئٹر پر جاری بیان میں محکمہ صحت نے بتایا کہ جاں بحق ہونیوالے تینوں افراد کا تعلق تبلیغی جماعت سے تھا اوران کی عمریں 52، 65 اور80 سال تھیں۔ پختونخوا میں مزید 3 مریض صحت یاب ہوگئے جس کے بعد مرض سے صحت یاب ہونیوالوں کی تعداد 145 ہوگئی۔

بلوچستان

بلوچستان میں بھی کورونا وائرس کے 2 کیسز سامنے آئے۔ ترجمان لیاقت شہوانی نے بتایا کہ صوبے میں متاثرین کی تعداد 230 ہوگئی۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے میں اب تک 119 مریض صحت یاب بھی ہوچکے ہیں۔

اسلام آباد

سرکاری سطح پر اعداد و شمار بتانے والی ویب سائٹ کے مطابق اسلام آباد میں کورونا وائرس کے 18 نئے کیسز رپورٹ ہوئے ۔ جس کے بعد اسلام آباد میں کیسز کی تعداد بڑھ کر 131 تک پہنچ گئی۔

ادھر پیرودھائی کے علاقہ بدر کالونی میں کورونا کے نئے مریض کی اطلاع پر پولیس اور محکمہ صحت کی ٹیمیں پہنچ گئیں، متاثر شخص کو قرنطینہ میں منتقل کر کے علاقہ سیل کر دیا گیا، پولیس کے مطابق بدر کالونی پیرودھائی میں محمد شریف نامی شخص میں کورونا کی تصدیق ہوئی جس پر پولیس اور محکمہ صحت کی ٹیم نے اسے فوری راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف یورالوجی منتقل کر دیا۔ پولیس نے متاثرہ شخص کے گھر اور گلی کو دونوں اطراف سے سیل کر دیا۔

دوسری جانب راولپنڈی انسٹی ٹیوٹ آف یورالوجی میں قائم کورونا مینجمنٹ سینٹر سے کورونا کے 7 مریض صحت یاب ہو کر گھر چلے گئے،ریسکیو 1122 کے 7 اہلکاروں کا کورونا وائرس کا ٹیسٹ کروایا گیا جو کہ تمام اہلکاروں کا منفی آیا ہے۔

گلگت بلتستان

گلگت بلتستان میں مزید 8 کیسز سامنے آگئے۔ محکمہ صحت کے ترجمان کے مطابق ان میں 6 کا تعلق ضلع استور اور 2 کا تعلق ضلع نگر سے ہے۔ گلگت بلتستان میں مریضوں کی مجموعی تعداد 224 ہوچکی ہے۔

آزاد کشمیر

آزادکشمیر میں 5 نئے کیسز کی تصدیق کے بعد مجموعی تعداد 40 ہوگئی گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران بھمبرمیں 3 اور میرپور کے 2 افراد میں کورونا وائرس کی تصدیق ہو ئی ہے جبکہ مزید 96 افراد کے کورونا ٹیسٹ منفی آنے پر انہیں مختلف قرنطینہ سینٹرز سے ڈسچارج کر دیا گیا۔

محکمہ صحت عامہ آزادکشمیر کی رپورٹ کے مطابق آزاد کشمیر میں اب تک کورونا وائرس کے ممکنہ کیسز میں کل 910 افراد کے ٹیسٹ لیے گئے، 830 کے نتائج آچکے، 40 افراد میں کورونا وائرس کی موجودگی پائی گئی ہے، 790 افراد کے کورونا ٹیسٹ منفی آئے جبکہ 80 افراد کے ٹیسٹ کا رزلٹ آنا باقی ہے۔

وزیر صحت ڈاکٹر نجیب نقی نے بتایا کہ میرپورکے علاقے ڈڈیال سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کورونا وائرس سے متاثر ہوئی جو برطانیہ سے واپس آئی تھی۔ بھمبر سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون اور ایک 14 سالہ بچہ بھی نئے مریضوں میں شامل ہے جنہوں نے بیرون ملک سفر نہیں کیا تھا جبکہ محکمہ صحت کے ایک لیب ٹیکنیشن میں بھی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔