جتنا زور آج آپ ادھر لگا رہے ہو اتنا حلقے میں لگایا ہوتا تو میں اسمبلی میں ہوتی۔فائل فوٹو
جتنا زور آج آپ ادھر لگا رہے ہو اتنا حلقے میں لگایا ہوتا تو میں اسمبلی میں ہوتی۔فائل فوٹو

مراد علی شاہ صاحب!سندھ میں اموات زیادہ کیوں ہیں۔فردوس عاشق اعوان

وزیرِاعظم عمران خان کی معاونِ خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان کہتی ہیں کہ مراد علی شاہ صاحب! آپ کے صوبے میں اعداد و شمار سے زیادہ اموات ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے معاونِ خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے سندھ حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اور وزیرِاعلیٰ سندھ سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ موت کی کہانیاں سنا کر لوگوں کو مایوس نہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ قومی رابطہ کمیٹی نے سب کو ساتھ لے کر فیصلے کیے، کورونا سے بچاؤ کے لیے احتیاط بہترین حل ہے، اٹھارہویں ترمیم کے تحت صوبے کے پاس اختیارات ہیں۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ کورونا وائرس ساری دنیا کا خفیہ دشمن ہے، لاک ڈاؤن اور تعمیراتی شعبے سے متعلق حکومتِ سندھ کے خدشات تھے۔

ان کا کہنا ہے کہ مراد علی شاہ صاحب! یہ آپ کی صوابدید ہے کہ آپ لاک ڈاؤن کریں یا کرفیو لگائیں، بھوکے کو 2 وقت کی روٹی دینا بھی آپ کی ذمے داری ہے۔

فردوس عاشق اعوان کا کہنا تھا حکومت سندھ کے ترجمان قوم کو تقسیم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، وزیراعلیٰ سندھ نے معنی خیز انداز میں لوگوں کی اموات کی بات کی۔

انہوں نے کہا سندھ میں اگر اقدامات کیے گئے تو اموات کی تعداد کیوں زیادہ ہے ؟ اختیارات کیساتھ مراد علی شاہ کو ذمہ داریاں بھی ادا کرنا ہوں گی، عوام کو ضروری اشیا کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے، آپ جو کہہ رہے ہیں وہ کر نہیں رہے، آج ثابت ہوا کورونا کا پھیلاؤ سندھ میں زیادہ ہے۔

وزیرِ اعظم کی معاونِ خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے مزید کہا کہ میڈیا پر آنے کی بجائے سندھ میں پھیلی بھوک اور افلاس کو دیکھیں۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے وفاق اور صوبوں نے مل کر لڑنا ہے، آپ نے تحفظ کے اعلانات تو کیے مگر بھوک ناچتی نظرآئی۔