ن لیگ کی جانب سے 19 جنوری کو الیکشن کمیشن کے باہر دھرنا دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔فائل فوٹو
ن لیگ کی جانب سے 19 جنوری کو الیکشن کمیشن کے باہر دھرنا دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔فائل فوٹو

نیب نیازی گٹھ جوڑ کو شہباز شریف کا غم کھائے جارہا ہے

اپوزیشن جماعت مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے پارٹی صدر شہباز شریف کو  قومی احتساب بیورو (نیب) کی جانب سے جاری ہونے والے طلبی نوٹس پر ردعمل میں کہا ہے کہ ملک میں کورونا وائرس سے اموات ہورہی ہیں اور نیب نیازی گٹھ جوڑ کو شہباز شریف کا غم کھائے جارہا ہے۔

اپنے بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ شہبازشریف کو صرف پاکستان کے عوام کی فکر ہے، انہیں نیب نیازی گٹھ جوڑ کی کوئی فکر نہیں، ‏ِ‎اس کڑے وقت میں سیاسی انتقام نہیں بلکہ عوام کی مدد ترجیح ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ‏عوام کورونا وائرس کی جنگ لڑ رہے ہیں لیکن نیب نیازی گٹھ جوڑ شہباز شریف اور میڈیا سے لڑ رہا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ شہباز شریف کے اثاثہ جات اور بینک اکاؤنٹس قانون کے مطابق متعلقہ فورمز پرظاہر ہیں جبکہ ایف بی آرکے پاس تمام ریکارڈ موجود ہے۔

لیگی ترجمان کا کہنا تھا کہ ‏‎عمران خان صاحب، عوام کے گھر روٹی اور روزگار نہیں، اموات ہورہی ہیں لہٰذا شہباز شریف پر توجہ کے بجائے کورونا سے مرتے عوام کا خیال کریں اور  کورونا سے لڑنے والے ‏‎ڈاکٹرزاور طبی عملے کو حفاظتی لباس پہنچانے پر توجہ دیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ‏‎شہبازشریف کی سچائی کی گواہی اعلیٰ عدالتوں کے فیصلے دے رہے ہیں اور وہ قید کے دوران نیب کے تمام سوالات کے جواب دے چکے ہیں۔

خیال رہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) نے ایک بار پھر مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو 22 اپریل کو طلب کرلیا ہے جبکہ اس سے قبل 17 اپریل کو بھی طلب کیا گیا تھا تاہم وہ پیش نہیں ہوئے تھے۔