ملک میں کورونا وائرس کے 8 ہزار23 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔فائل فوٹو
ملک میں کورونا وائرس کے 8 ہزار23 مریض صحت یاب ہو چکے ہیں۔فائل فوٹو

دنیا میں کورونا سے ہلاکتیں1لاکھ 72 ہزار سے تجاوز

دنیا میں کورونا وائرس سے ہلاک ہونے والوں کی مجموعی تعداد1لاکھ 72 ہزار391 ہوگئی اور25 لاکھ  سے زائد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ 6 لاکھ 60 ہزارسے زائدافراد صحت یاب ہوگئے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اٹلی اوراسپین جیسے شدید متاثرہ ممالک میں اب روزانہ اموات کی شرح میں کمی واقع ہورہی ہے جبکہ امریکا سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں کورونا وائرس وبا کے پھیلاؤ میں تیزی آچکی ہے ۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جاپان میں مریضوں کی بڑھتی ہوئی تعداد کی وجہ سے اسپتالوں کی گنجائش ختم ہورہی ہے۔ جاپان کی سوسائٹی فور ایمرجینسی میڈیسن کے مطابق کئی اسپتالوں کے ہنگامی طبی امداد کے شعبے مریضوں کو واپس بھیج رہے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق جاپان میں ایک لاکھ افراد کے لیے صرف پانچ آئی سی یو دستیاب ہیں جس کے باعث صورت حال تشویش ناک ہورہی ہے۔

امریکا میں کورونا وائرس سے اموات کی مجموعی تعداد 42 ہزار سے تجاوز کرگئی جبکہ 7 لاکھ 92 ہزار سے زائد افراد وبا کی لپیٹ میں آچکے ہیں۔ امریکا کی سب سے زیادہ متاثر ریاست نیویارک میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران اموات کی سب سے کم شرح رہی تاہم وبا کے متاثرین اور اموات کے اعتبار سے امریکا سب سے زیادہ متاثر ملک ہے۔

اسپین میں کورونا وائرس سے مجموعی طور پر20 ہزار852 اموات ہوچکی ہیں جبکہ متاثرین کی تعداد

2لاکھ سے  بڑھ چکی ہے۔

اٹلی میں کورونا وائرس وبا سے اب تک 24,114 ہزار سے زائد اموات ہوچکی ہیں جبکہ 1 لاکھ 82ہزارافراد سے زائد متاثر ہیں۔

فرانس میں کورونا وبا سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد 20,265 ہوچکی ہے جبکہ متاثرین کی مجموعی تعداد 1 لاکھ55 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ فرانس کے صحت عامہ کی اتھارٹی کے مطابق آئی سی یو کے مریضو میں کمی واقع ہوئی ہے۔ فرانس میں وبا کے انسداد کے لیے 17 مارچ سے لاک ڈاؤن نافذ ہے۔

کورونا وائرس سے ہونے والی اموات کے اعتبار سے دنیا کا پانچواں ملک برطانیہ ہے جہاں مجموعی طور پر وبا سے اب تک 16 ہزار سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔ اتوار کو برطانیہ میں کیسز کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوا اور 5 ہزار 8 سو 50 سے زائد افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد متاثرین کی تعداد 1 لاکھ 20 ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔

1 لاکھ 44 پزار سے زائد متاثرین کے ساتھ جرمنی کرونا وبا کی لپیٹ سے شدید متاثر ہونے والے پانچواں بڑا ملک ہے تاہم جرمنی میں تاحال ہلاکتوں کی شرح کم ہے اورگزشتہ 24 گھنٹوں میں 10 اموات کی تصدیق ہوئی جس کے بعد مجموعی ہلاکتیں 4 ہزار5 سو 48 ہوگئی ہیں۔

ترکی میں کیسز ایران اور چین سے بڑھ گئے

ترکی کے وزیر صحت نے ملک میں کورونا وائرس کے 82 ہزار 329 کیسز کی تصدیق کی ہے جس کے بعد یہاں مریضوں کی تعداد چین اور کورونا وبا سے شدید متاثر ملک ایران سے بھی بڑھ گئی ہے۔

ترکی میں اب تک وبا سے 2 ہزار 17 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ترکی میں 40 ہزار سے زائد ٹیسٹ کیے گئے اور 18 سو 22 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی۔

کورنا وائرس سے روس میں کل اموات 361 ہو گئی ہیں جبکہ مریضوں کی تعداد 42 ہزار 853 ہو چکی ہے۔

سعودی عرب میں کورونا وائرس کے 1122 نئےمریضوں کی تصدیق ہو گئی ہے جس کے بعد ملک میں وبا سے متاثرہ افراد کی تعداد 10,484 ہو گئی ہے۔

سعودی وزارت صحت کے مطابق 24 گھنٹوں میں کورونا کے 6 مریض جان کی بازی ہار گئے ہیں جس کے بعد مرنے والےمریضوں کی تعداد 103 ہو گئی ہے۔

سعودی وزارت صحت نے بتایا ہے کہ کورونا سے 1490 مریض صحت یاب ہو کر گھروں میں جا چکے ہیں ۔

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں کرونا وائرس کے 479نئے کیسزکے بعد کرونا وائرس کے متاثرین کی تعداد 6781 اور مرنے والوں کی تعداد 41 تک پہنچ گئی ہے۔

امریکا میں لاک ڈاؤں کے خلاف احتجاجی مظاہرے

کورونا وبا کی روک تھام کے لیے نافذ کیے گئے لاک ڈاؤن کے خلاف امریکا کے مختلف شہروں میں احتجاج ہوا ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق نیو ہمپشائر ، میری لینڈ، ٹیکساس کے دارالحکومت آسٹین سمیت مختلف امریکی ریاستوں میں کورونا وائرس کی وجہ سے عائد کردہ نقل و حمل اورعوامی سرگرمیوں کی پابندی کے خلاف سیکڑوں شہری گھروں سے نکل آئے۔

دوسری جانب برازیل کے دارالحکومت میں بھی سیکڑوں ٹرک، کار اور موٹر سائیکل سواروں نے لاک ڈاؤن کی پابندیوں کے خلاف ریلی نکالی۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ لالچی سیاست دان صرف افراتفری پھیلانے کے لیے اس طرح کے اقدامات کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ امریکا میں لاکھوں افراد کورونا وائرس وبا کے باعث بے روزگاری کا شکار ہے چکے ہیں جبکہ عالمی سطح پروبا کے باعث شدید معاشی بحران پیدا ہوچکا ہے۔