میرا نام فہرست میں شامل تھا ، علم نہیں کس نے کاٹا۔فائل فوٹو
میرا نام فہرست میں شامل تھا ، علم نہیں کس نے کاٹا۔فائل فوٹو

وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری اعظم خان کا ایک اور شکار

وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کو عہدے سے ہٹائے جانے کی ممکنہ اندرونی کہانی سامنے آگئی،وزیراعظم کے پرنسپل سیکریٹری اعظم خان نے ایک میٹنگ کے دوران ملاقات کا پیغام پہنچایا اورپھراسی ملاقات میں دونوں کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی۔

اعظم خان نے فردوس عاشق اعوان کیخلاف چارج شیٹ پیش کرتے ہوئے کرپشن کے الزامات بھی لگائے تاہم فردوس عاشق اعوان نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیا اوراعظم خان سے کہا کہ میرے خلاف ایسی غلط خبریں آپ کے دفتر سے پھیلائی جارہی ہیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق فردوس عاشق اعوان نے اعظم خان سے کہا کہ انہیں وزیراعظم نے معاون خصوصی لگایا، اعظم خان نے نہیں، میں وزیراعظم کو ہی جواب دہ ہوں، اس کے بعد فردوس عاشق اعوان نے وزیراعظم عمران خان سے ملاقات کی اور انہیں بتایا کہ ” مجھے ہٹانے کی خبریں گردش کررہی ہیں” جس پر وزیراعظم نے کہا کہ ایسا فیصلہ کیا تو بتا دوں گا۔

رپورٹ کے مطابق وزیراعظم کی زیرصدارت ہونیوالے اہم اجلاس میں فردوس عاشق اعوان بھی موجود تھیں، اجلاس جیسے ہی ختم ہوا تو اعظم خان نے فردوس عاشق اعوان کو اپنے دفتر بلوایا اور چارج شیٹ پیش کی جن میں پیمرا کی گاڑیاں وغیرہ سے متعلق مختلف آرٹیکلز شامل تھے،اعظم خان نے ان سے جواب مانگا تو دونوں میں تلخ کلامی ہوگئی۔

فردوس عاشق اعوان نے موقف اپنایا کہ وہ سیکریٹری کو نہیں بلکہ وزیراعظم کو جواب دہ ہیں، اعظم خان نے کہا کہ پھرایسی خبریں کون پھیلارہاہے جس پر فردوس عاشق اعوان کاکہناتھاکہ وزیراعظم ہائوس کے اندر سے بلکہ آپ کے دفتر سے پھیلائی جارہی ہیں۔ ٹی وی چینل نے وزیراعظم ہائوس کے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ اس تلخ کلامی کے بعد فردوس عاشق اعوان کو ڈی نوٹیفائی کردیا گیا۔

اس سے قبل فردوس عاشق اعوان نے عہدے سے علیحدگی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ "⁩ وزیراعظم عمران خان کا شکریہ۔انہوں نے مجھ پر اعتماد کیا۔1 سال کے عرصے میں اپنی بھرپور صلاحیتوں سے فرائض  سر انجام دینے کی کوشش کی۔ PM کا استحقاق ہے کہ ٹیم کے کس کھلاڑی کو کونسے بیٹنگ آرڈر یا کونسی فیلڈ پوزیشن پر کھلانا ہے۔میں ان کے فیصلے کا احترام کرتی ہوں۔”

فردوس عاشق اعوان کے ٹویٹ پر تبصرہ کرتے ہوئے ویناملک نے الزام لگایا کہ "آپ کا بیٹنگ آرڈر تبدیل نہیں کیا گیا۔ آپ کو میچ فکسنگ – کرپشن کی وجہ سے ٹیم سے ڈراپ کر دیا گیا ہے۔ کس نے کہا تھا پی پی والے سٹائل میں 10% مال بنائیں۔وینا نے کہا یہ عمران خان ہے جو بسکٹ بھی گنتا ہے۔  ”