تمام افراد پیدل مہاراشٹرا سے مدھیہ پردیش جارہے تھے۔فائل فوٹو
تمام افراد پیدل مہاراشٹرا سے مدھیہ پردیش جارہے تھے۔فائل فوٹو

بھارت۔ پٹڑی پر لیٹے 14افراد کو ٹرین نے کچل دیا

بھارتی ریاست مہاراشٹرا میں ایک انتہائی افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ایک مال بردار ٹرین نے پٹڑی پرلیٹے 14افراد کو کچل کر ہلاک کردیا۔

غیر ملکی نیوزایجنسی نےبھارتی حکام کے حوالے سے بتایا ہے کہ بھارت میں لاک ڈائون کی وجہ سے ہزاروں افراد بڑے شہروں سے اپنے آبائی گھروں کی طرف پیدل سفر کررہے ہیں، یہ بدقسمت افراد بھی انہی میں شامل تھے اور پیدل مہاراشٹرا سے مدھیہ پردیش جارہے تھے۔ حکام کے مطابق یہ تمام افراد ایک اسٹیل مل میں کام کرتے تھے۔

بھارتی پولیس کے مطابق یہ تمام افراد رات بھر پیدل چلتے رہے اور تھکاوٹ سے بے حال ہو کر پٹڑیوں پر ہی سر رکھ کر سو گئے، لاک ڈائون کی وجہ سے ان کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ کوئی ٹرین آسکتی ہے اس لیے لیٹنے کے کچھ ہی دیر بعد انہیں نیند نے آلیا، تھکاوٹ سے چور ان مزدوروں کو ٹرین کی آمد کا پتہ ہی نہیں چلا اور وہ کچلے گئے۔

ڈارئیورنے ریلوے ٹریک پرکچھ لوگوں کی نقل وحمل دیکھ کر ٹرین کو روکنے کی کوشش کی تھی لیکن وہ اس میں ناکام رہا۔ ریلوے حکام کے مطابق واقعے کی تحقیقات کا حکم دیدیا گیا ہے۔

بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی نے ٹرین حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پرافسوس اورغم کا اظہارکیا ہے۔انہوں نے ریلوے حکام کو ہدایت کی ہے کہ متاثرہ افراد کے لواحقین کو ہر ممکن امداد فراہم کی جائے۔