مہنگائی حکومت کے لیے بہت بڑا چیلنج ہے، اسد عمر
مہنگائی حکومت کے لیے بہت بڑا چیلنج ہے، اسد عمر

لوگوں سے روزگار نہیں چھینا جاسکتا۔اسد عمر

وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ ملک میں کورونا کے کیسزاوراموات بڑھ رہی ہیں لیکن لوگوں سے ان کا روزگار نہیں چھینا جاسکتا۔

اسلام آباد میں میڈیا بریفنگ کے دوران اسد عمر نے کہا کہ کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر مسلسل کام کر رہا ہے، ہر روز ٹیسٹنگ کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے، گزشتہ روز ساڑھے تیرہ ہزار کورونا ٹیسٹ کیے گئے، ملک بھر میں 70 لیبز کورونا ٹیسٹ کر رہی ہیں، خوشی ہے کہ قومی فیصلے مشاورت سے ہو رہےہیں ، تمام ادارے مل کر ایک نظام کے تحت کام کر رہے ہیں، بڑے فیصلے ہو چکے ہیں اور اب عمل درآمد کا مرحلہ ہے۔

اسد عمر نے کہا کہ لاہور اور پشاور میں کیسز بڑھ رہے ہیں، کراچی میں بھی بہت زیادہ کیسز رپورٹ ہو رہے ہیں، ملک میں کورونا کے کیسز اور اموات بڑھ رہی ہیں لیکن لوگوں سے ان کا روزگار نہیں چھینا جاسکتا، ہمیں زندگی کا پہیہ چلانے کے ساتھ وبا سے حفاظت بھی کرنی ہے۔

اسد عمر نے کہا کہ پورا ملک بند کرنے کے بجائے متاثرہ علاقوں کو بند کیا جائے گا، اسمارٹ لاک ڈاوَن کے نظام نے کام کرنا شروع کر دیا ہے، ہمیں نشاندہی کرنی ہے کس علاقے میں کیسز زیادہ اور وائرس پھیل رہاہے، پنجاب میں 359 مقامات جب کہ خیبر پختونخوا کے 177علاقوں میں اسمارٹ لاک ڈاؤن کیا گیا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ اسپتالوں میں بستروں کی کمی نہیں، کورونا سے متعلق صحت کے ڈیٹا کیلیے ایک پورٹل بن چکا ہے، پنجاب حکومت نے کورونا سے متعلق ایپ تیارکرلی ہے، ایپ سے شہری معلوم کر سکیں گے انہیں کس اسپتال جانا ہے۔