شہید ہونے والے دونوں پولیس اہلکاروں کی ڈیوٹی تھانہ ترنول میں تھی۔فائل فوٹو
شہید ہونے والے دونوں پولیس اہلکاروں کی ڈیوٹی تھانہ ترنول میں تھی۔فائل فوٹو

اسلام آباد میں دہشت گردوں نےاے ایس آئی سمیت دو پولیس اہلکار شہید کردیے

اسلام آباد میں تھانہ ترنول کے علاقے میں موٹرسائیکل پر سوار دو نامعلوم مسلح ملزمان نے پولیس چوکی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں اے ایس آئی سمیت دو پولیس اہلکار موقع پر شہید ہو گئے جبکہ مسلح ملزمان با آسانی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق تھانہ ترنول کی حدود میں واقع 26 نمبر چوکی ناکے پر نامعلوم مسلح ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں اے ایس آئی  محسن ظفر اور ہیڈ کانسٹیبل سجاد موقع پر ہی شہید ہو گئے،شہید ہونے والے دونوں پولیس اہلکاروں کی ڈیوٹی تھانہ ترنول میں تھی۔

فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی تھانہ ترنول سے پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچی اوراس نے اطراف کی ناکہ بندی کردی جبکہ اطلاع ہے کہ دونوں مسلح ملزمان راولپنڈی سے پشاور جانے والی طرف سے گزرے ۔پولیس نے شہید ہونے والے دونوں پولیس اہلکاروں کی میتیں ہسپتال منتقل کردیں۔

نامعلوم موٹرسائیکل سوار فائرنگ کے بعد فرارہونے میں کامیاب ہوگئے اور واقعے کی وجوہات کا علم نہیں ہوسکا۔ پولیس نے قتل کا مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔شہیددونوں پولیس اہلکاروں کی نمازہ جنازہ پولیس لائن ہیڈکوارٹر میں ادا کردی گئی۔

دوسری طرف  آئی جی اسلام آباد عامر ذوالفقار نے پولیس چوکی پر فائرنگ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی  آپریشنز وقارالدین سید کی سربراہی میں دواسپیشل انوسٹی گیشن ٹیمیں تشکیل  دیدی،دونوں اسپیشل انوسٹی گیشن ٹیموں کی سربراہی بالترتیب ایس پی انوسٹی گیشن سید مصطفیٰ تنویراورایس پی صدرکریں گے جبکہ  آئی جی اسلام آباد عامر ذوالفقار خان نے ہدایت دی ہے کہ ملزمان کی فوری گرفتاری یقینی بنائی جائے۔