ایک ہزار 664 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔فائل فوٹو
ایک ہزار 664 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔فائل فوٹو

پاکستان میں کرونا کے مریضوں کی تعداد60ہزار سے تجاوز

ملک میں کورونا سے مزید 10 افراد انتقال کرگئے جس کے بعد اموات کی مجموعی تعداد 1231ہو گئی ہے جبکہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 60ہزارتک پہنچ گئی جبکہ 19,142مریض کرونا کو شکست دے کرگھروں کو جا چکے۔

اب تک سب سے زیادہ اموات خیبرپختونخوا میں سامنے آئی ہیں جہاں کورونا سے 416 افراد انتقال کرچکے ہیں جبکہ سندھ میں 380 اور پنجاب میں 362 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

اس کے علاوہ بلوچستان میں 42، اسلام آباد 18، گلگت بلتستان میں 9 اورآزاد کشمیر میں مہلک وائرس سے 4 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

ملک بھر سے کورونا کے مزید 850 کیسزاور10 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں جن میں سے 151 کسیز اور ایک ہلاکت اسلام آباد میں جب کہ تین کیسز اور دو ہلاکتیں آزاد کشمیر میں رپورٹ ہوئی ہیں۔اس کے علاوہ بلوچستان میں بھی ایک ہلاکت رپورٹ ہوئی ہے۔

سندھ میں کورونا کے مزید 699 کیسزاور6 ہلاکتیں رپورٹ ہوئی ہیں جس کی تصدیق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کی۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کورونا وائرس کے حوالے سے جاری اپنے بیان میں کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 2177 ٹیسٹ کیے گئے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 699 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد صوبے میں کورونا کے کیسز کی تعداد 24206 ہوگئی ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 6 مریض انتقال کرگئے جس کے بعد صوبے میں اموات کی تعداد 380 ہوگئی ہے۔

مراد علی شاہ کا کہنا ہے کہ صوبے میں 235 مریضوں کی حالت تشویشناک ہے جس میں سے 42 مریض اس وقت وینٹی لیٹر پر ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ 755 مریض صحت یاب ہوکر گھروں کو چلے گئے جس کے بعد صوبے میں صحت یاب ہونے والوں کی تعداد 9 ہزار 270 ہوگئی ہے۔

پنجاب سے بھی منگل کو کورونا کے مزید 464 کیسزاور10 ہلاکتیں سامنے آئیں۔پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق صوبے میں کورونا کے مریضوں کی مجموعی تعداد 21118 اور اموات 362 ہو گئی ہیں۔ صوبے میں اب تک کورونا سے 6185 افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

بلوچستان میں بھی کورونا وائرس کے باعث آج مزید ایک ہلاکت سامنے آئی ہے جس کے بعد صوبے میں مہلک وائرس سے جاں بحق افراد کی تعداد 42 ہو گئی ہے جب کہ متاثرہ افراد کی تعداد 3536 ہے۔

صوبائی محکمہ صحت کے مطابق بلوچستان میں اب تک 1156 افراد صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

خیبر پختونخوا میں منگل کو مزید 8 افراد جان کی بازی ہار گئے جس کے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی مجموعی تعداد 416 تک جا پہنچی ہے۔

صوبائی محکمہ صحت کے مطابق کے پی میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 8259 ہوگئی ہے جب کہ اب تک 2578 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

وفاقی دارالحکومت سے کورونا وائرس کے مزید 151 کیسز اورایک ہلاکت سامنے آئی جو سرکاری پورٹل پر رپورٹ کیے گئے ہیں۔

سرکاری پورٹل کے مطابق اسلام آباد میں کیسز کی مجموعی تعداد 1879 جب کہ اموات 18 ہو چکی ہیں۔اسلام آباد میں اب تک کورونا وائرس سے 152 مریض صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔

آزاد کشمیر میں مزید تین افراد میں کورونا کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ 2 افراد جاں بھی بحق ہو گئے ہیں جس کی تصدیق سرکاری پورٹل کی گئی ہے۔

حکومتی اعدادو شمار کے مطابق علاقے میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 214 ہوگئی ہے جب کہ علاقے میں اب تک وائرس سے 4 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔

سرکاری پورٹل کے مطابق آزاد کشمیر میں کورونا سے اب تک 99 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔

گلگت بلتستان میں بھی گزشتہ روز مہلک وائرس سے ایک اور شہری انتقال کرگیا جس کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 9 ہوگئی ہے۔

محکمہ صحت گلگت بلتستان کےمطابق علاقے میں متاثرہ مریضوں کی تعداد 638 ہے جب کہ اب تک 457 افراد صحت یاب ہوچکے ہیں۔