ملک کے طول وعرض میں وقفے وقفے سے تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔فائل فوٹو
ملک کے طول وعرض میں وقفے وقفے سے تیز ہواوں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔فائل فوٹو

ملک کے چاروں صوبوں میں آج رات سے بارش کی پیشگوئی

محکمہ موسمیات کی جانب سے ملک کے چاروں صوبوں میں آج رات سے اگلے 6 روز تک گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ذرائع موسمیات کے مطابق لاہور، راولپنڈی، جہلم، چکوال، اٹک، میانوالی میں بادل برسیں گے، کئی شہروں میں آندھی بھی آئے گی،ڈیرہ غازی خان ، ملتان ، رحیم یارخان اوربہاولپور میں بھی بارش ہوگی۔

اسلام آباد، آزاد کشمیر،،خیبر پختونخوا کے کچھ علاقوں اوربلوچستان میں بھی بارش ہوگی۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج شب سے منگل تک ملک میں موسم ابرآلود رہے گا، گرج چمک کے ساتھ بارش برسے گی اور تیز ہوائیں بھی چلیں گی۔

محکمہ موسمیات کاکہنا ہے کہ سندھ اور مشرقی بلوچستان میں بھی کہیں کہیں بادل برسیں گے، اس کے علاوہ کوئٹہ، جیک آباد، لاڑکانہ، حیدرآباد اور میرپور خاص میں بھی بھی بارش کا امکان ہے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے اور شہر کا کم سے کم درجہ حرارت29ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہناہے کہ شہر قائد کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان، جبکہ جنوب مغرب سے 32کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چلنے والی ہواﺅں میں نمی کا تناسب 72فیصد ہے۔