کیچ میں تعمیراتی کمپنی کی سائٹ پر حملہ، 5 گاڑیاں نذرِ آتش، مستونگ میں ڈرائیور جاں بحق

حملہ آوروں نے سائٹ پر موجود کارکنوں کو نشانہ نہیں بنایا، انھیں کام بند کرنے کی وارننگ دی گئی

November 26, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

کوئٹہ:بلوچستان کے اضلاع کیچ اور مستونگ میں حملوں کے واقعات پیش آئے ہیں۔ ضلع کیچ میں نامعلوم مسلح افراد نے تعمیراتی کمپنی کی سائٹ پر حملہ کرکے پانچ گاڑیوں کو نذرِ آتش کر دیا، جبکہ مستونگ میں معدنیات لے جانے والی گاڑی پر فائرنگ سے ڈرائیور ہلاک ہوگیا۔

ایک سرکاری اہلکار اکرم بلوچ نے کیچ میں حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ واقعہ ضلع کے علاقے بل نگور میں مچات کے مقام پر پیش آیا۔

ان کے مطابق حملے میں کیمپ سائٹ پر موجود گاڑیوں کے علاوہ دیگر اشیا کو بھی آگ لگائی گئی تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

انھوں نے بتایا کہ حملہ آوروں نے سائٹ پر موجود کارکنوں کو نشانہ نہیں بنایا، تاہم انھیں کام بند کرنے کی وارننگ دی گئی۔

تعمیراتی کمپنی کے مالک رئوف شہزاد نے فون پر بتایا کہ حملہ آوروں نے پانچ گاڑیوں کو نذرِ آتش کیا، جن میں دو ٹینکر، دو ٹریکٹر اور ایک ڈبل ڈور پک اپ شامل ہیں۔

دوسری جانب کوئٹہ سے متصل ضلع مستونگ میں نامعلوم افراد نے معدنیات لے جانے والی گاڑی پر فائرنگ کی، جس سے اس کا ڈرائیور ہلاک ہوگیا۔

مستونگ میں ایک سینئر اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ گاڑی کو کھڈکوچہ کے علاقے میں نشانہ بنایا گیا۔ ہلاک ہونے والے ڈرائیور نور علی کا تعلق ضلع قلعہ عبداللہ سے تھا۔