مکہ دفاعی معاہدہ؛ سعودی عرب، ترکیہ کے اعلیٰ سطح وفود آج اسلام آباد پہنچیں گے

پاکستان کی جانب سے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف اور اعلیٰ عسکری حکام مذاکرات میں شریک ہوں گے

November 26, 2026 · قومی
فائل فوٹو

فائل فوٹو

اسلام آباد: مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان اہم مذاکرات 26 اور 27 نومبر کو اسلام آباد میں ہوں گے، اجلاس میں تینوں ممالک کے اعلیٰ سطح کے سیاسی اور عسکری وفود شرکت کریں گے۔

ذرائع کے مطابق سعودی عرب کی جانب سے وزیر خارجہ فیصل بن فرحان اور وزیر دفاع خالد بن سلمان کی شرکت متوقع ہے، ترکیہ کی جانب سے وزیر خارجہ حاقان فیدان اور وزیر دفاع یاشار گولر کی شرکت متوقع ہے۔

پاکستان کی جانب سے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر دفاع خواجہ آصف اور اعلیٰ عسکری حکام مذاکرات میں شریک ہوں گے۔

مکہ دفاعی معاہدے کے تناظر میں ہونے والے یہ مذاکرات خطے میں امن و استحکام اور تینوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے حوالے سے اہم قرار دیے جا رہے ہیں۔