کورونا سے بچنے کیلیے شہری حفاظتی اقدامات کریں ، ماسک پہنیں۔فائل فوٹو
کورونا سے بچنے کیلیے شہری حفاظتی اقدامات کریں ، ماسک پہنیں۔فائل فوٹو

بےنظیر بھٹو کی وصیت خاندان کی میراث ہے۔ترجمان سندھ حکومت

ترجمان حکومت سندھ مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کے کچھ نہ کرنے سے نقصان عوام کا ہو رہا ہے، حکومت نے سمت درست نہ کی تو مزید بحران پیدا ہوں گے۔

مرتضیٰ وہاب نے وفاقی وزیر علی زیدی کے حالیہ بیان پر ردّعمل دیتے ہوئے کہا کہ علی زیدی کے خاندان میں کسی کی فوتگی ہو تو کیا وصیت مانگ سکتا ہوں، کون لوگ ہیں یہ جن میں اخلاقی و سماجی اقدار نہیں،  بے نظیر بھٹو کی وصیت ان کے خاندان کی میراث ہے،  بی بی کی وصیت سی ای سی میں سب کو دکھائی گئی، وہ وصیت بی بی کے گھر میں بھی آویزاں ہے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما مرتضیٰ وہاب نے اسماعیل راہو کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ پیپلز پارٹی قیادت کو پہلے بھی دھمکیاں ملتی رہی ہیں،پہلے کبھی ڈرے نہ آئندہ ڈریں گے۔

 ترجمان حکومت سندھ مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ دنیا میں پیٹرول کی قیمتیں کم ہوئیں لیکن یہاں حکومت نے تاخیر کی، حکومت کو پیٹرول مافیا کے آگے گھٹنے ٹیکنے پڑے۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ چینی کے ریٹ میں کمی کے بجائے اضافہ ہو رہا ہے۔ چینی بحران کو 55 دن ہو گئے لیکن کوئی کارروائی نہ ہوئی۔ یہ حکومت کہتی کچھ اورکرتی کچھ ہے،ان کے اپنے مقاصد ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے کچھ نہ کرنے سے نقصان عوام کا ہو رہا ہے، حکومت نے سمت درست نہ کی تو مزید بحران پیدا ہوں گے۔ حکومت کا طریقہ واردت سادہ ہے، طلب اور رسد کا فرق پیدا کر دیا جاتا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ دواؤں کی مارکیٹ میں قلت ہوئی تو قیمتوں میں اضافہ ہوا، چینی مارکیٹ میں کم ہوئی تو قیمت زیادہ ہوگئی، لوگوں نے اربوں کمائے۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں ٹڈی دل کا سامنارہا، وفاقی حکومت کا اس پر کردار سب کے سامنے ہے، سوچیں کہ ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے وفاقی حکومت کو سندھ نے پیسے دیے۔ وفاق کو ٹڈی دل پر جہاز سے اسپرے کرنے کے لیے 10 ملین سندھ نے دیے۔

مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ سندھ واحد صوبہ تھا جس نے گندم کی پیداوار کا ہدف حاصل کیا، سندھ نے ہدف سے بڑھ کر 3.82 ملین میٹرک ٹن گندم کی پیداوار دی۔ کوویڈ کے زمانے میں گندم کی پیداوار انتہائی اہم ہے۔

انہوں نے کہا کہ پختونخواہ اور پنجاب میں گندم کے ریٹ زیادہ ہیں، قیمت بڑھانے کے لیے گندم ذخیرہ کی جارہی ہے۔ پنجاب میں گندم جاری کرنا شروع کردی گئی ہے، ابھی سے گندم جاری کرنا شروع کریں تو اس کی قیمت میں فرق آئے گا۔