جہاں بھی کوئی مسئلہ پیش آیا تو کمیٹی اسے حل کرے گی۔فائل فوٹو
جہاں بھی کوئی مسئلہ پیش آیا تو کمیٹی اسے حل کرے گی۔فائل فوٹو

کیبل آپریٹرزایسوسی ایشن نے ہڑتال ختم کردی

کمشنر کراچی کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن اورکے الیکڑک تنازع کو حل کروانے میں کامیاب ہو گئے، کیبل آپریٹرز نے ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کر دیا۔

چیئرمین کیبل آپریٹرزایسوسی ایشن خالد آرائیں نے کمشنر کراچی اورکے الیکٹرک کے نمائندوں کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمارے کے الیکٹرک سے مذاکرات ہوئے ہیں جس کے بعد ایک کمیٹی بنی ہے، جو بھی مسائل یا اختلافات ہوں گے وہ باہمی مشاورت سے حل کیے جائیں گے۔

کمشنر کراچی نے کہا کہ مون سون سیزن میں کسی انسانی جان کے زیاں اور ناخوشگوار واقعے سے بچاؤ کے لیے اس حوالے سے دونوں اداروں نے ملاقات کی تھی۔

افتخار شالوانی نے کہا کہ اب کیبل آپریٹرزکی ہڑتال نہیں ہوگی اور ملک کا معاشی حب کراچی معمول کی طرح چلتا رہے گا جہاں انٹرنیٹ، کیبل، ٹیلی ویژن اور تمام معلومات دستیاب ہوں گی اور بحال کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ اس حوالے سے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے جس میں کے-الیکٹرک، کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن اور ڈپٹی کمشنر شامل ہیں۔

کمشنر کراچی کا کہنا تھا کہ جہاں بھی کوئی مسئلہ پیش آیا تو کمیٹی اسے حل کرے گی اوراب ہڑتال کی کوئی نوبت نہیں آئے گی۔

خالد آرائیں کا کہنا تھا کہ کمشنر کراچی کی یقین دہانی اورکمیٹی کے بعد ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کیا، کمشنر کراچی کی جانب سے معاونت کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

کیبل آپریٹرز ایسوسی ایشن کے نمائندگان نے کے الیکڑک حکام کو تاریں ہٹانے کے لیے مل کر کام کرنے کی پیشکش بھی کی۔