10 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 418 روپے مقرر کی گئی ہے،نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا
10 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 418 روپے مقرر کی گئی ہے،نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا

کراچی میں بھی گندم اورآٹے کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا

پنجاب کے بعد کراچی میں گندم اورآٹے کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا ہے جس کی وجہ عام شہریوں کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔

کراچی میں گندم کی فی کلوگرام قیمت میں4 روپے کا اضافہ ہوا ہے جس کے بعد گندم کی فی کلو گرام قیمت 48 روپے ہوگئی ہے۔

ریٹیل بازارکے مطابق ڈھائی نمبرآٹے کی فی کلو قیمت میں 6 روپے اضافہ ہوگیا ہے جس کے بعد ریٹیل بازارمیں ڈھائی نمبرآٹا 54 روپے کلو ہوگیا۔

شہر قائد میں اسی طرح آٹے کی فی کلو گرام قیمت میں 6 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے جس کے بعد دس کلو آٹے کا تھیلا 545 روپے کا ہو گیا ہے۔

مارکیٹ میں چکی کے آٹے کا دس کلو کا تھیلا اس وقت 620 روپے کا ہو گیا ہے البتہ یوٹیلیٹی اسٹورز پر دس کلو آٹے کا تھیلا 430 روپے میں دستیاب ہے۔

ریٹیل مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ فائن آٹے کی فی کلو قیمت میں بھی 4 روپے اضافہ ہوا ہے جس کے بعد فائن آٹے کی فی کلو قیمت 58 روپے ہوگئی۔

ریٹیل مارکیٹ ذرائع کے مطابق فائن آٹے کا 50 کلو کا تھیلا 2700 روپے سے بڑھ کر 2900 روپے کا ہوگیا۔

واضع رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ دنوں پنجاب آٹے کی قیمت میں ہونے والے اضافے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے صوبائی حکومت کو ہدایت کی تھی کہ گندم کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف کارروائی کریں اور یا پھر سبسڈی دیں لیکن عام آدمی کو ہر قیمت پر سستا آٹا فراہم کریں۔