مرتضیٰ وہاب نےجاں بحق افراد کے لواحقین سے ملاقات و تعزیت کی۔فائل فوٹو
مرتضیٰ وہاب نےجاں بحق افراد کے لواحقین سے ملاقات و تعزیت کی۔فائل فوٹو

سندھ میں15اگست سے کوئی اسکول نہیں کھلے گا۔ترجمان حکومت

ترجمان سندھ حکومت اور مشیر قانون و ماحولیات بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سندھ کے عوام کے تعاون سے کورونا وائرس کے پھیلاؤپر قابو پایا جارہا ہے تاہم پندرہ اگست سے سندھ میں کوئی اسکول نہیں کھلے گا۔

سندھ اسمبلی آڈیٹوریم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ بہت لوگ اس کا کریڈٹ لینے کی کوشش کررہے ہیں لیکن حقیقت سب کے سامنے ہے، یہ تاثر غلط ہے کہ کورونا ختم ہوگیا ہے ابھی بھی کورونا کے نئے مریض سامنے آرہے ہیں۔

انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ ہمیں احتیاط کا دامن ہاتھ سے نہیں چھوڑنا ہے اگر احتیاط نہیں برتی تو کیسز بڑھ سکتے ہیں، چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری پی ٹی آئی کی کرپشن کو بے نقاب کررہے ہیں،عملی طور پر پی ٹی آئی اپنے نعرے سے منحرف ہوکر ایک نہیں دو پاکستان پر عمل کررہی ہے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ اپوزیشن کے لیے الگ قانون اور حکمران جماعت کے لیے علیحدہ قانون ہے، چینی اسکینڈل کی رپورٹ میں شوگر کمیشن خود کہتا ہے کہ پاکستان میں چینی کی قیمت بڑھنے کی ایک وجہ چینی برآمد کرنا تھا جبکہ چینی برآمد کرنے کا فیصلہ وفاقی حکومت نے کیا اور وفاقی حکومت کا سربراہ عمران خان نیازی ہے، سپریم کورٹ کے فیصلے نے کہہ دیا کہ نیب کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم بہت عرصہ سے کہتے چلے آرہے ہیں کہ جرم ثابت ہونے پرآپ بے شک گرفتارکریں مگر وزیراعظم ہاؤس یا بنی گالا سے عمران خان کو نہیں بلایا جاتا ہے، 15 اگست سے سندھ میں کوئی اسکول نہیں کھلے گا، ہم بچوں کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے اور نہ ہی پرائیوٹ اسکول انتظامیہ کو یہ اجازت دیں گے، سندھ میں جتنی بھی ٹیسٹنگ ہورہی ہے اس میں مثبت مریضوں کی شرح بہت کم ہورہی ہے۔