بدھ سے مون سون ہوائیں شدت سے ملک میں داخل ہونے کے باعث آئندہ 3 سے 4 روز میں بارشوں کی توقع ہے، محکمہ موسمیات
بدھ سے مون سون ہوائیں شدت سے ملک میں داخل ہونے کے باعث آئندہ 3 سے 4 روز میں بارشوں کی توقع ہے، محکمہ موسمیات

محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں کی پیشگوئی کردی

محکمہ موسمیات نے بدھ سے جمعہ کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ سے مزید مون سون ہوائیں شدت سے ملک میں داخل ہوں گی، جس کے نتیجے میں آئندہ 3 سے 4 روز کے دوران ملک بھر میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بدھ سےجمعے کےدوران اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخوا اور کشمیر میں اکثر مقا مات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، اس دوران اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور، سرگودھا، ایبٹ آباد، چارسدہ، مردان، پشاور، نوشہرہ اور کشمیر میں موسلادھار بارش کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بدھ سے جمعے کے دوران بھکر، لیہ، ملتان ، ڈیرہ غازی خان، بہاولپور ، وزیرستان، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان ، ژوب، موسیٰ خیل اور بارکھان میں کہیں کہیں پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق موسلادھار بارش کے باعث جمعرات اور جمعہ کے روز پنجاب ، خیبر پختونخوا اور کشمیر کے مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، جبکہ اربن فلڈنگ کی صورتحال بھی پیدا ہوسکتی ہے۔