یواے ای اسرائیل معاہدے کے بعد کسی اسرائیلی عہدیدار کا ابوظہبی کے لیے یہ پہلا اعلیٰ سطح کا دورہ ہے
یواے ای اسرائیل معاہدے کے بعد کسی اسرائیلی عہدیدار کا ابوظہبی کے لیے یہ پہلا اعلیٰ سطح کا دورہ ہے

اسرائیلی خفیہ ایجنسی کے سربراہ کا متحدہ عرب امارات کا دورہ

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے سرکاری میڈیا کے مطابق اسرائیل کی خفیہ ایجنسی موساد کے سربراہ یوسی کوہن نے سیکیورٹی سے متعلق امور پر بات چیت کے لیے یو اے ای کا دورہ کیا ہے۔
غیرملکی خبررساں ادارے ‘اے ایف پی’ نے ‘ڈبلیو ای ایم’ کا حوالہ دے کر کہا کہ یوسی کوہن نے ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کے قومی سلامتی کے مشیر شیخ طحنون بن زید النہیان کے ساتھ ‘سلامتی امور کے شعبوں میں تعاون بڑھانے’ اور علاقائی پیشرفت پر تبادلہ خیال کیا۔
واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے مابین ‘امن معاہدے’ کے بعد کسی اسرائیلی عہدیدار کا ابوظہبی کے لیے یہ پہلا اعلیٰ سطح کا دورہ ہے۔
یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات اور اسرائیل کے درمیان سفارتی تعلقات کی بحالی کے نتیجے میں اسرائیل مغربی کنارے کے حصوں کے الحاق کو مؤخر کرنے پر راضی ہوا ہے، تاہم اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو یہ بھی واضح کرچکے ہیں کہ یہ منصوبہ اب بھی موجود ہے۔
یو اے ای اور اسرائیل کے معاہدے پر خلیج تعاون ممالک (جی سی سی) میں سے بحرین اور عمان نے اس کا خیرمقدم کیا ہے جبکہ سعودی عرب، کویت اور قطر نے ابھی کوئی ردعمل نہیں کیا۔
مسلم دنیا کے اہم ملک سعودی عرب کو یہودی ریاست کو باقاعدہ طور پر تسلیم کرنے سے قبل حساس سیاسی معاملات کا سامنا کرنا پڑے گا۔