عدالت نے رین زیجیانگ پر 42 لاکھ یوآن کا جرمانہ بھی کیا ہے۔فائل فوٹو
عدالت نے رین زیجیانگ پر 42 لاکھ یوآن کا جرمانہ بھی کیا ہے۔فائل فوٹو

چین کے صدرکے ناقد کو کرپشن الزامات پر18سال قید

چین کی ایک عدالت نے رئیل اسٹیٹ ٹائیکون اور صدر شی جن پنگ کے شدید ناقد رین زیجیانگ کو کرپشن، رشوت ستانی اورعوامی پیسے میں غبن کے الزامات پر18سال قید کی سزا سنا دی۔

منگل کو بیجنگ کی انٹرمیڈیٹ پیپلز کورٹ نمبر دو نے اپنے فیصلے میں قرار دیا کہ رین عوامی پیسے میں 74 لاکھ امریکی ڈالرکے برابر رقم کے غبن کے مرتکب قرار پائے ہیں جبکہ ملزم نے ساڑھے بارہ لاکھ چینی یوآن رشوت لینے کا اعتراف بھی کیا ہے۔

عدالتی فیصلے کے مطابق 69 برس کے رین نے اپنے تمام جرائم کا اعتراف کیا اور وہ اپنے خلاف سنائے گئے فیصلے کواعلیٰ عدالت میں چیلنج کرنا نہیں چاہتے۔

عدالت نے رین زیجیانگ پر 42 لاکھ یوآن کا جرمانہ بھی کیا ہے۔رین کے مقدمے کی سماعت کے موقع پر عدالت کے باہر سیکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے۔رین کے مقدمے کی سماعت کے موقع پر عدالت کے باہر سیکیورٹی کے سخت اقدامات کیے گئے۔

رین چینی حکومت کے زیرِ انتظام چلنے والے پراپرٹی ڈویلپر ‘ہویان’ گروپ کے چیئرمین بھی رہ چکے ہیں۔ حکمرانوں پر تنقید کرنے کی وجہ سے وہ ‘بگ کینن’ کے نام سے جانے جاتے ہیں۔

رین زیجیانگ چین کی کمیونسٹ پارٹی کے اندرونی حلقے سے تعلق رکھتے تھے۔ مارچ میں صدر شی جن پنگ کے کرونا وائرس کی روک تھام کے اقدامات پر تنقیدی کالم لکھنے کے بعد وہ منظر نامے سے اچانک غائب ہو گئے تھے۔