حیدرعلی نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ناقابل شکست 66 رنزکی اننگز کھیلی۔فائل فوٹو
حیدرعلی نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ناقابل شکست 66 رنزکی اننگز کھیلی۔فائل فوٹو

پاکستان نےزمبابوے کے خلاف ٹی 20 سیریزجیت لی

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان تین ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں کی سیریزکے دوسرے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کو شکست دے کر تین میچوں کی سیریزاپنے نام کرلی۔
اتوارکو پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم راول پنڈی میں کھیلے گئے میچ میں زمبابوے نے پاکستان کو فتح کے لیے 135 رنزکا ہدف دیا تھا. پاکستان نے مطلوبہ ہدف صرف دو وکٹوں کے نقصان پر16 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔

حیدرعلی نے عمدہ بیٹنگ کرتے ہوئے ناقابل شکست 66 رنزکی اننگز کھیلی انہیں مین آف دی میچ قرار دیا گیا جبکہ کپتان بابر اعظم 51 رنز بنانے کے بعد مزاربانی کی گیند پرچگمبرا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
اس سے قبل پاکستان نے ٹاس جیت کر زمبابوے کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو مہمان ٹیم نے مقررہ 20 اوور میں سات وکٹوں کے نقصان پر 134 رنز بنائے۔ زمبابوے کی جانب سے ریان برل 32 اور مدھیویرے 24 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
پاکستان کی طرف سے اپنا دوسرا ٹی20 انٹرنیشنل میچ کھیلنے والے لیگ اسپنرعثمان قادرنے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کیا اورچاراوورز میں 23 رنزکے عوض تین وکٹیں حاصل کیں۔
حارث رؤف نے بھی تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ فہیم اشرف بھی ایک کھلاڑی کو پویلین بھیجنے میں کامیاب رہے۔
یا درہے کہ سیریز کے پہلے ٹی20 میچ میں پاکستان نے چھ وکٹوں سے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ اس سے پہلے کھیلی گئی ون ڈے سیریز 2-1 سے پاکستان کے نام رہی تھی۔
دونوں ٹیموں کے درمیان تیسرا اورآخری ٹی20 میچ  کل منگل 10 نومبر کو پنڈی اسٹیڈیم میں ہی کھیلا جائے گا۔