جلسہ گاہ میں بہت سی کرسیاں ٹوٹی ہوئی بھی ملی ہیں۔فائل فوٹو
جلسہ گاہ میں بہت سی کرسیاں ٹوٹی ہوئی بھی ملی ہیں۔فائل فوٹو

مینار پاکستان پر میدان سج گیا.کارکن پر جوش

لاہور میں حکومت مخالف اتحاد پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے کے سلسلے میں سیاسی رہنماؤں اور مختلف شہروں سے قافلوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔

پی ڈی ایم کی تحریک کے پہلے مرحلے کا آخری جلسہ آج اتوارکو مینا رپاکستان پر منعقد ہوگا جس کے لیے پنڈال سج گیا ہے، کارکنوں اور رہنمائوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے،پرجوش نعرے لگائے جا رہے ہیں۔

جلسے کی سیکیورٹی کے فرائض جمعیت علمائے اسلام کے کارکنوں کے سپرد کیے گئے ہیں۔

پی ڈی ایم جلسےکے لیے سیکیورٹی کی ذمہ داری جے یو آئی کی تنظیم انصار الاسلام کو دی گئی ہے جس کے 3000 رضاکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔

جلسہ گاہ میں کرسیاں لگا دی گئی ہیں، لائٹیں اور ساؤنڈ سسٹم بھی نصب کر دیا گیا،پنڈال میں پی ڈی ایم اتحادمیں شامل جماعتوں کی قیادت کی تصاویر والی فلیکسز آویزاں کر دی گئیں جبکہ سارے پنڈال میں سیاسی جماعتوں کے پرچم بھی لہرا دیے گئے۔

جلسے میں تحریک کے اگلے مراحل کے اعلان کیا جائے گا،جلسے میں پی ڈی ایم کے اتحاد میں شامل جماعتوں کی قیادت اور مرکزی رہنما شریک ہوں گے، جلسے سے مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کریں گے، حکومت نے پی ڈی ایم کو جلسے کی باضابطہ اجازت نہیں دی اور اسی تناظر میں امن و امان کو قابو میں رکھنے کیلئے تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔

مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما مریم نواز شریف ،احسن اقبال، پرویز رشید، سعد رفیق، رانا ثنا اللہ، میاں جاوید لطیف،مولانا عبدالغفورحیدر ی سمیت دیگر جماعتوں کے رہنماؤں نے پنڈال کا دورہ کر کے انتظامات کاجائزہ لیا۔ تمام جماعتوں کے کارکنان سارا دن پنڈال کادورہ کرکے اپنی قیادت کے حق اور حکومت کے خلاف نعر ے لگاتے رہے۔ بم ڈسپوزل سکواڈ کی جانب سے بھی آلات اورسراغ کتوں کے ذریعے پنڈال کی وقفے وقفے سے چیکنگ کی جاتی رہی۔

جلسے کی میزبان مسلم لیگ(ن) کے رہنما اور کارکنان سارا دن جلسے کی تیاریوں میں مصروف رہے۔ ذرائع کے مطابق اپوزیشن نے حکومت کی جانب سے ممکنہ رکاوٹوں کے پیش نظر متبادل پلان بھی تیار کر رکھے ہیں جس کا مقصد جلسے کو کسی نہ کسی صورت کامیاب بنانا ہے۔مینار پاکستان گرائونڈ میں داخلے کے لئے 5 دروازے مختص کئے گئے ہیں، جن میں سے ایک دروازہ وی وی آئی پیز کے لیے مختص ہو گا، خواتین کے لیے بھی الگ داخلے کا راستہ اور انکلوژر بنایا جا رہا ہے،جلسے کی سیکیورٹی انصار الاسلام کے رضاکاروں اور شیر جوان فورس کے حوالے کی گئی ہے۔

دوسری جانب پی ڈی ایم میں شامل دیگر جماعتوں کی قیادت نے بھی اپنے کارکنوں کو جلسے میں بھرپو رشرکت کرنے کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ دوسری جانب حکومت نے بھی امن و امان کی صورتحال کو کنٹرول میں رکھنے کے لئے اپنی تیاریاں مکمل کرکے پولیس سمیت دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو الرٹ کردیا ہے۔

پیپلز پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری چوہدری منظور کی قیادت میں کارکنوں نے پریس کلب سے مینار پاکستان تک ریلی بھی نکالی۔ بلاول بھٹو زرداری 12 بجے بلاول ہاؤس لاہور سے روانہ ہوں گے جہاں سے جمیل منج ان کا استقبال کریں گے۔

بلاول بھٹو بذریعہ رنگ روڈ گجومتہ پہنچیں گے جہاں ثمینہ گھرکی ان کا استقبال کریں گی۔ یوحنا آباد میں عمران اٹھوال ان کا استقبال کریں گے۔پاک عرب سوسائٹی کے مقام پر شیخ مقبول کارکنوں کے ہمراہ ان کا استقبال کریں گے،اسماعیل نگر پر عاصم بھٹی استقبال کریں گے،لبرٹی چوک حاجی عزیزالرحمن چن استقبال کریں گے۔