سال 2020 بہت سے لوگوں کیلیے یہ کئی حوالوں سے یادگار بھی رہا۔فائل فوٹو
سال 2020 بہت سے لوگوں کیلیے یہ کئی حوالوں سے یادگار بھی رہا۔فائل فوٹو

سال 2020 میں شادی کے بندھن میں بندھنے والے شوبزستارے

سال 2020 کا سورج غروب ہونے کو ہے، عالمی وبا کرونا اور دیگر حوالوں سے یہ سال جہاں بہت سی تلخ یادیں اپنے دامن میں سموئے ہوئے ہیں ، وہیں بہت سے لوگوں کیلیے یہ کئی حوالوں سے یادگار بھی رہا۔

پاکستان شوبزانڈسٹری میں رواں سال بہت سے ستاروں نے زندگی کے نئے سفرکاآغاز کیا ۔ سال 2020 میں ہونے والی اہم شادیوں پرایک نظرڈالتے ہیں۔

فیشن ماڈل ایمان سلیمان سال 2020 کے آغازمیں ہی سادگی کے ساتھ رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئیں ۔

ان کا نکاح سادہ سی تقریب میں سید جمیل حیدر رضوی کے ساتھ ہوا جس کی تصاویر ماڈل نے 4 جنوری کو اپنے انسٹاگرام پرشیئرکیں۔

معروف اداکارہ اورماڈل ارمینا خان نے 14 فروری کو فالوورز کو اپنے برطانوی نژاد شوہر فیصل خان سے متعارف کروایا۔
ارمینا نے انسٹا گرام پر پوسٹ میں لکھا ’’ میرے شوہر فیصل خان سے ملیں، ہمارا تعلق آفیشل ہے‘‘۔

انسٹا پوسٹ سے یہ واضح نہیں ہوا کہ ارمینا کا نکاح کب ہوا تاہم اپنے مداحوں کو انہوں نے ویلنٹائنز ڈے کے موقع پراس خوشخبری میں شریک کیا۔ارمینا اور فیصل خان کی منگنی جولائی 2017 میں ہوئی تھی۔

شوبز کی پسندیدہ ترین جوڑی سجل علی اوراحد رضا میرکی شادی سے قبل سوشل میڈیا پر یہ اطلاعات زیرگردش تھیں کہ یہ جوڑی مارچ 2020 میں پاکستان کے بجائے ترکی میں زندگی کے نئے سفرکا آغاز کرے گی۔

ترکی تو نہیں لیکن 14 مارچ کو یہ شادی پاکستان کے بجائے ابوظہبی میں سرانجام پائی جس میں حسب توقع صرف فیملی کے افراد ہی شریک تھے۔ نکاح کی خبر وائرل ہوتے ہی سوشل میڈیا پر احد کی تصاویر اور ویڈیوز تو دیکھنے کو ملیں لیکن سجل کی پہلی جھلک انہی کے انسٹا گرام پر دیکھی گئی۔

رواں سال اپریل کے آغازمیں کرونا کے باعث ہونے والے لاک ڈاون کے دوران سینیئرآرٹسٹ ثمینہ احمد اور منظرصہبائی کی شادی کی خبران کے مداحوں کیلیے خوشگوارحیرت کا باعث بنی،سوشل میڈیا پربھی اس جوڑی کے ایک ہونے پرخوشی کااظہارکیا گیا تھا۔

منظرصہبائی نے عمیرہ احمد کے لکھے گئے مقبول ڈرامے “الف ” میں قلب مومن (حمزہ علی عباسی) کے دادا عبدالعلیٰ کا کردارنبھایا جبکہ فلم ”بول” ، ”ماہِ میر” اور ” زندہ بھاگ ” میں بھی اپنی صلاحیتوں کے جوہردکھا چکے ہیں۔

ثمینہ احمد کا نام بھی ڈرامہ انڈسٹری میں کسی تعارف کا محتاج نہیں، وہ الف نون، فیملی فرنٹ، دھوپ میں ساون، میرے ہمدم میرے دوست ، آنگن سمیت متعدد ڈراموں میں کام کرچکی ہیں۔ سینیئرآرٹسٹ کی خدمات کے اعتراف میں انہیں صدارتی تمغہ برائے حسن کارکردگی سے بھی نوازاجاچکا ہے۔یہ جوڑی 22 مئی کو ماہ رمضان میں جمعتہ الوداع کے موقع پر ایک سادہ تقریب میں شادی کے بندھن میں بندھی تھی۔

انسٹا پر آغا علی فالوورز کو یہ خوشخبری سناتے ہوئے حنا کیلئے لکھا تھا ”چند سال قبل ہم دونوں نے ایک ٹی وی شو کی میزبانی کی اورہم ایک دوسرے سے نفرت کرتے تھے، پھر چند سال بعد دوبارہ ملاقات ہوئی اور ہم دوست بنے، پھر بہترین دوست بنے اور پچھلے 11 ماہ بہت ہی کریزی تھے۔ موویز، اسٹریٹ فائٹر، نہ ختم ہونے والی باتیں اور تم میری زندگی کا ایسا حصہ بن گئیں جیسا کوئی نہیں۔ مجھے تمہارے ساتھ گزارے ہوئے ہرلمحے سے پیار ہے”۔

دوسری جانب حنا نے لکھا ”ایک دوسرے سے نفرت کرنے سے لیکر دوست بننے تک، بیسٹ فرینڈز اور اب زندگی بھر کے ساتھی۔ میں اس (آغاعلی) کے متعلق جو بھی سوچتی تھی ، غلط نکلا۔ اس آدمی نے میرا دل جیت لیا۔ میں نے اتنا مخلص اور پرواہ کرنے والا کوئی نہیں دیکھا جو میری خوشی کو سب سے مقدم رکھتا ہے۔ آج ہم نے ایک دوسرے سے وعدہ کیا ہے کہ اپنی نئی زندگی کو خوشیوں اور قہقہوں سے بھردیں گے۔ ایک دوسرے پراعتبار کریں گے اور وفادار رہیں گے”۔

صدف کنول اور شہروز نے اپنی شادی کااعلان 31 مئی کو انسٹاگرام پرکیا تھا۔ اس سے قبل شہروز اور سائرہ یوسف کے درمیان طلاق کے حوالے سے صدف کنول کا نام خبروں کی زد میں رہا تھا، سوشل میڈیا پر قیاس آرائیاں کی جاتی رہیں کہ دونوں کے درمیان اختلافات کی وجہ شہروز اورصدف کے درمیان گہری دوستی بنی۔

اس جوڑی نے اپنی شادی کااعلان کیا تو سوشل میڈیاصارفین میں سے بیشتر نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سائرہ کے ساتھ ہمدردی کااظہارکیا۔

سال 2012 میں پسند کی شادی کرنے والے شہروز اور سائرہ کے درمیان اپریل 2020 میں علیحدگی ہوگئی تھی۔لاک ڈاؤن کے دوران اداکارہ سارہ خان اور گلوکار فلک شبیر کی شادی کی خبر مداحوں کو چونکا دینے کاباعث بنی۔

مداحوں کو انسٹاگرام پرمنگنی کی خبر سے چونکانے والی سارہ خان نے 14 جولائی کو منگنی کی خبرمداحوں کے ساتھ شیئرکی ۔ اگلے ہی روز شادی کی تقریبات کا آغاز ہوا اور دونوں نے 17 جولائی کو کراچی میں زندگی کے نئے سفر کاآغاز کیا۔

کرونا وائرس کے باعث لگائے جانے والےلاک ڈاؤن کے دوران شادی کرنے والی ایک سیلیبرٹی ایسی بھی ہیں جن کے مداح اس بات سے یکسر لاعلم رہے۔

اداکارہ و ماڈل نتاشا علی نے حال ہی میں اداکارہ نادیہ خان کی میزبانی میں پی ٹی وی کے مارننگ شو میں شرکت کی اور انکشاف کیا کہ میرا نکاح 14 اگست کوہواتھا، شوہرکا نام شاہ زیب ہے جن کا تعلق خیر پورسے ہے

اداکارہ نے بتایا کہ میری شادی ان دنوں میں ہوئی جب لاک ڈاون کے باعث بہت سختی تھی ، دوسرا میری شادی کے چند روزبعد دن بعد محرم الحرام کا آغاز ہورہا تھا اورمیرا تعلق سید فیملی سے ہے جہاں محرم کا بہت احترام کیا جاتا ہے اور سوا 2 ماہ تک خوشی نہیں مناتے تو ہم دونوں کی فیملی نے فیصلہ کیا کہ شادی کردیتے ہیں ، اس کے بعد فنکشن رکھ لیں گے۔ شروع کے ایک ڈیڑھ ماہ بہت ایکسائٹڈ تھی کہ جیسے ہی سوگ کا ٹائم ختم ہوگا فنکشن رکھیں گے لیکن جب وقت آیا تو مجھے لگا کہ اب تو شادی پرانی ہوگئی ہے۔

ثناء اورعمیر 20 اکتوبرکو کراچی میں ہونے والی ایک سادہ تقریب میں رشتہ ازدواج میں منسلک ہوئے، جس کے بعد دونوں نے انسٹاگرام پرفالوورز کو اپنی شادی کی اطلاع دی۔

فروری2020 میں دبئی میں ہونے والے پاکستان انٹرنیشنل ایوارڈزکی تقریب میں ثناء اورعمیر جسوال نے ایک ساتھ شرکت کی تھی جہاں دونوں کو ، ایک ساتھ دیکھ کربیشترمداحوں کو خوشگوار حیرت ہوئی کیونکہ اس سے قبل یہ خبر گردش کر رہی تھی کہ دونوں بہت جلد شادی کے بندھن میں بندھ جائیں گے ۔

بعدازاں ثنا جاوید اور عمیر جسوال نے اس خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا تھا کہ ابھی ان کا شادی کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے اور شادی بارے خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔

اداکارہ رباب ہاشم گزشتہ ماہ 27 نومبر کو شادی کے بندھن مں بندھیں۔ کرونا کے باعث رباب کی شادی کی تقریب دوستوں اور قریبی عزیزواقارب تک ہی محدود تھی۔

ان کے شوہر صہیب مقصود کا تعلق شوبز سے نہیں تاہم اداکارہ نے شوہرکے حوالے سے کسی قسم کی تفصیلات شیئرنہیں کیں۔