خواجہ سعد رفیق اور خواجہ احمد حسان کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔فائل فوٹو
خواجہ سعد رفیق اور خواجہ احمد حسان کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔فائل فوٹو

دو لیگی رہنما عدالت میں لڑپڑے

مسلم لیگ ن کے صدرکی عدالت پیشی کے موقع پر لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق اور خواجہ احمد حسان کے درمیان تلخ کلامی ہوگئی جس پر شہبازشریف ایک دم اپنی نشست سے کھڑے ہوگئے اوردونوں کے درمیان بیچ بچائو کرایا۔

نجی ٹی وی کے مطابق  منی لانڈرنگ کیس میں شہبازشریف کو احتساب عدالت پیش کیا گیا تھا جس دوران ملزم نے عدالت سے میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کی استدعا کی اور مزید کارروائی فاضل عدالت نے چھ جنوری تک ملتوی کردی ۔

اس موقع پر خواجہ سعد رفیق پارٹی صدر شہبازشریف کے ساتھ والی نشست پر براجمان تھے اورانہیں لاہور میں مسلم لیگ ن کے زیراہتمام ہونیوالے پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے جلسے سے آگاہ کررہے تھے کہ خواجہ احمد حسان بھی پہنچ گئے ، چند ہی لمحوں بعد دونوں رہنمائوں میں تلخ کلامی ہوگئی اور خواجہ احمد حسان نے موقف اپنایا کہ سعد رفیق لاہور سے متعلق غلط بتارہے ہیں ۔

شہبازشریف نے اپنی نشست سے کھڑے ہوکر دونوں کے درمیان بیچ بچائو کرایا اور بولے کہ کوئی مسئلہ نہیں ، حل کروادوں گا۔ ادھرنجی ٹی وی کے مطابق خواجہ سعد رفیق  پارٹی صدر کو بریفنگ دے رہے تھے اور خواجہ احمد حسان کی عدم شرکت کا بتایا تو انہیں محسوس ہوا کہ ان کی شکایت لگارہے ہیں جس پر وہ بھی برہم ہوگئے ۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق خواجہ سعد رفیق اور شہبازشریف عدالت سے روانہ ہوئے تو خواجہ احمد حسان نے میڈیا کے نمائندگان کو بتایا کہ انہیں غصہ آگیا تھا لیکن شہباز شریف نے غلط فہمی دور کروا دی ۔ عدالتی سماعت کے موقع پر پارٹی کے دیگر رہنمائوں نے بھی شہباز شریف سے ملاقات کی اور ملک کی موجودہ صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔