الزام ثابت ہونے پرخاتون 5سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔فائل فوٹو
الزام ثابت ہونے پرخاتون 5سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔فائل فوٹو

بچوں کو آوارہ کتوں کا گوشت کھلانے والی ماں گرفتار

یوکرین پولیس نے ایک خاتون کو اپنے بچوں کو زبردستی کتوں کا گوشت کھلانے پرگرفتارکرلیا، کارروائی کے دوران دو بچوں کو بھی بازیاب کروایا گیا۔

شمال مشرقی یوکرین کے شہر خارکیو میں پولیس نے ایک فلیٹ سے دو ایسے دو بچوں کو تحویل میں لیا ہے جن کی ماں ان کا پیٹ بھرنے کیلیے شہرکے آوارہ کتوں کوکاٹ کران کا گوشت کھلاتی تھی۔

غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق چار سالہ بچہ اوراس کا دوسالہ بھائی ایک انتہائی غلاظت سے بھرے اوربدبودار فلیٹ میں بند کیے گئے تھے اوران کی 30سالہ ماں للیہ گرینینکو اورنانی انہیں باہر بھی جانے نہیں دیتی تھیں۔

مبینہ طورپران خواتین نے اپنے گھرکو کچرے کے ڈبوں سے بھر رکھا تھا جو وہ کئی سال سے جمع کررہی تھیں اسی گندگی کے باعث گھر میں چوہوں اورلال بیگوں کی بھرمار تھی اور بلوں کی عدم ادائیگی کے باعث محکمہ کی جانب سے پانی کی لائن کافی عرصہ پہلے منقطع کردی گئی تھی۔

پولیس کے مطابق گھر میں کوئی بیت الخلا بھی نہیں تھا جس کیلیے ماں ،نانی اور بچے گھر کے فرش پر رفع حاجت کیا کرتے تھے۔پولیس کو اس بات کی اطلاع ان کے پڑوسی نے دی اور بتایا کہ ساتھ والے فلیٹ سے شدید تعفن اٹھتا ہے اورلال بیگ اور چوہے بھی آتے ہیں اس لیے کارروائی کی جائے۔

اس شکایت پر پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے فلیٹ پر چھاپہ مارا اور دونوں بچوں کو بازیاب کرالیا اور ماں کو گرفتارکرکے تھانے لےجایا گیا۔الزام ثابت ہونے پرخاتون 5سال قید کی سزا ہو سکتی ہے۔