ہم خیال گروپ کے ارکان بجٹ میں حکومت کو ووٹ دیں گے۔فائل فوٹو
ہم خیال گروپ کے ارکان بجٹ میں حکومت کو ووٹ دیں گے۔فائل فوٹو

جہانگیر ترین گروپ کا دبائو۔حکومت نے گھٹنے ٹیک دیے

جہانگیر ترین گروپ کا دبائو کام کرگیا، حکومت اور جہانگیر ترین گروپ کے درمیان معاملات طے پا گئے۔

ذرائع کے مطابق حکومت اور تحریک انصاف ترین گروپ کے درمیان پہلا باضابطہ رابطہ ہوگیا ہے، سینیئر وفاقی وزرا نے جہانگیر ترین سے رابطہ کیا جس کے بعد حکومت اور جہانگیر ترین گروپ کے درمیان معاملات طے پاگئے۔

ذرائع نے بتایا کہ جہانگیر ترین گروپ نے بجٹ اجلاس کے بائیکاٹ کا فیصلہ واپس لے لیا اوراب ہم خیال گروپ کے ارکان بجٹ میں حکومت کو ووٹ دیں گے۔

ذرائع کے مطابق جہانگیر ترین نے پنجاب حکومت سے متعلق تحفظات وفاقی وزرا کے سامنے رکھے اور مطالبہ کیا کہ ہمارے گروپ کے ارکان کو سیاسی انتقام کا نشانہ نہ بنایا جائے۔ جس پر جہانگیر ترین کو یقین دلایا گیا کہ ان کے پنجاب حکومت سے متعلق اعتراضات دور کیے جائیں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت اور جہانگیر ترین گروپ کے درمیان ہفتے کو دوبارہ ملاقات ہوگی۔

جہانگیر ترین کے قریبی ساتھی راجہ ریاض نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیراعلیٰ ہاؤس سے رابطہ کیا گیا ہے اور عثمان بزدار سے ملاقات کا امکان بھی ہے ۔

ترین گروپ کی سرگرمیوں کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار بھی سیاسی محاذ پر متحرک ہوگئے تھے، انہوں نےگزشتہ 48 گھنٹوں میں 50 سے زائد ارکانِ پنجاب اسمبلی سےملاقاتیں کیں۔

ترین گروپ اور ہم خیال گروپ کے ارکان بھی وزیراعلیٰ سے ملنے والوں میں شامل تھے، وزیراعلیٰ نے انتقامی کارروائیوں کا الزام مستر د کردیا۔