25 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، مہنگائی کی شرح 0.82 فیصد بڑھ کر 17.23 فیصد ہوگئی، ادارہ شماریات
25 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، مہنگائی کی شرح 0.82 فیصد بڑھ کر 17.23 فیصد ہوگئی، ادارہ شماریات

رمضان میں مہنگائی سے ستائے عوام کو عید کے بعد بھی ریلیف نہ مل سکا

اسلام آباد: عید الفطر کے بعد مہنگائی کی شرح میں 0.82 فیصد اضافہ ہوگیا اور سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح بڑھ کر 17.23 فیصد ہوگئی۔
رمضان کے ماہ مقدس میں مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ دی تھی جب کہ عید کے بعد بھی مہنگائی میں کمی ایک خواب ثابت ہوئی۔ ادارہ شماریات کے مطابق آٹا، انڈے، لہسن، پیاز، چینی، دال چنا، دال ماش، تازہ دودھ، مٹن، بیف، ویجی ٹیبل گھی، گڑ، ماچس کی ڈبیا، باسمتی ٹوٹا چاول، چائے کی پتی اور چکن سمیت مجموعی طور پر 25 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے۔
ادارہ شماریات کی جانب سے جاری رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ہفتہ وار بنیادوں پر گزشتہ ہفتے کے دوران آٹا3.01 فیصد، چکن 12.74 فیصد، بیف 2.07 فیصد، سرسوں کا تیل 1.21 فیصد، پیاز 6.97 فیصد اور انڈے 5.36 فیصد، لہسن1.31 فیصد، مٹن 1.18 فیصد اور چینی 3.35 فیصد مہنگی ہوئی۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ ٹماٹر 17.96 فیصد، آلو 0.02 فیصد، دال مونگ 0.92 فیصد، دال مسور 0.06 فیصد اور ایل پی جی 0.26 فیصد سستی ہوئی جب کہ 19 اشیائے ضرویہ کی قیمتیں مستحکم رہی ہیں۔ حساس قیمتوں کے اعشاریہ کے لحاظ سے گزشتہ سال کے مقابلے میں ملک میں مہنگائی کی شرح 17.23 فیصد رہی ہے تاہم پچھلے ہفتے کے مقابلے میں مہنگائی کی شرح 0.82 فیصد اضافہ ہوا۔