حملہ آوروں نے ملیر جامعہ ملیہ کالج کے قریب سے گاڑی کا تعاقب شروع کیا ۔فائل فوٹو
حملہ آوروں نے ملیر جامعہ ملیہ کالج کے قریب سے گاڑی کا تعاقب شروع کیا ۔فائل فوٹو

جامعہ ملیہ کالج ملیرکے قریب فائرنگ۔سابق یوسی ناظم کا بیٹا قتل

کراچی کے علاقے جامعہ ملیہ کالج ملیر کے قریب حملہ آوروں نے سابق یوسی ناظم کے بیٹے کو قتل کردیا۔

پولیس کے مطابق سابق یوسی ناظم کا تعلق جماعت اسلامی سے ہے۔ حملہ آوروں نے ملیر جامعہ ملیہ کالج کے قریب سے گاڑی کا تعاقب شروع کیا اور گھات لگا کر گاڑی پر فائرنگ کی۔ جس سے رضا ذوالفقار موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ واقعہ کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آگئی ہے۔

32 سالہ رضا ذوالفقارکی ٹارگٹ کلنگ کی ویڈیو میں ملزمان کو واضح دیکھا جاسکتا ہے۔ ملزمان موٹر سائیکل پر سوار تھے۔ جن کی تعداد 2 تھی۔ موٹر سائیکل کے پیچھے بیٹھے ملزم نے براہ راست رضا ذوالفقار پر فائرنگ کی۔

گاڑی میں سوار رضا ذوالفقار گولیاں لگنے سے موقع پر ہی دم توڑ گئے، جب کہ ملزمان واردات کے بعد با آساني فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ واقعہ کے فوراً بعد انہیں جناح اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹرز کے مطابق وہ اسپتال آنے سے قبل ہی جاں بحق ہوچکے تھے۔

اسپتال انتظامیہ کے مطابق انہیں ایک ہی گولی گردن پر لگی، جو جان لیوا ثابت ہوئی۔ مقتول رضا سیمنٹ اور سریے کا کاروبار کرتے تھے۔ ایس ایس پی کورنگی شاجہاں خان کے مطابق واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا ہوسکتا ہے، تاہم دیگر پہلوؤں پر تفتیش شروع کردی گئی ہے۔

پولیس کا مزید کہنا تھا کہ حملے میں نائن ایم ایم کا پستول استعمال ہوا، جب کہ جائے وقوعہ سے بھی نائن ایم ایم پستول کے 2 خول برآمد کیے گئے ہیں۔