بارش کے باعث مقررہ وقت پر ٹاس نہیں ہو سکا۔فائل فوٹو
بارش کے باعث مقررہ وقت پر ٹاس نہیں ہو سکا۔فائل فوٹو

پاکستان کو وکٹوں کے لحاظ سے انگلینڈ میں سب سے بڑی شکست کا سامنا

پاکستان کو وکٹوں کے لحاظ سے انگلینڈ میں سب سے بڑی شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

انگلینڈ کے خلاف سیریز کے پہلے ایک روزہ میچ میں پاکستان کی بیٹنگ کے بعد باؤلنگ بھی فلاپ ہوگئی۔ انگلینڈ کی قدرے نو آموز ٹیم نے 142 رنز کا ہدف باآسانی ایک وکٹ کے نقصان پر 22 ویں اوور میں پورا کرلیا۔

انگلینڈ کی جانب سے 142 رنز کے ہدف کا تعاقب شروع کیا گیا تو فِل سالٹ صرف سات رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ ایک وکٹ گرنے کے بعد ڈیوڈ میلان اور زیک کرالی پاکستان کے باؤلنگ اٹیک کے آگے سیسہ پلائی دیوار بن گئے۔  پاکستان کے تمام باؤلرز نے پورا زور لگایا اور ہر طرح کی ورائٹی آزمائی لیکن اس دیوار میں شگاف ڈالنے میں ناکام رہے۔

نگلینڈ نے ایک وکٹ کے نقصان پر 21.5  اوورز میں آسان ہدف انتہائی آسانی کے ساتھ حاصل کرلیا۔ انگلینڈ کی جانب سے ڈیوڈ میلان نے 68 اور زیک کرالی نے 58 رنز بنائے۔ پاکستان کے شاہین شاہ آفریدی وہ واحد باؤلر تھے جنہوں نے دوسری اننگز کی اکلوتی وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل انگلینڈ کی نسبتاً نئی اور کم تجربہ کار ٹیم نے شاہینوں کے پرخچے اڑا دیے تھے۔ پہلے ون ڈے میں پاکستان کی پوری ٹیم 35.2 اوورز میں صرف 141 رنز ہی بنا پائی۔پاکستان ٹیم کو سب سے پہلا جھٹکا اوپننگ بلے باز امام الحق کی صورت میں اس وقت لگا جب وہ میچ کی پہلی ہی گیند پر کوئی بھی رن سکور کیے بغیر آؤٹ ہوکر چلتے بنے۔ ان کے بعد کپتان بابر اعظم خود میدان میں اترے لیکن ان کی کشتی دوسری ہی گیند پر ڈوب گئی۔ وہ بھی کوئی رن سکور کیے بغیر پویلین واپس لوٹے۔وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان 13 رنز بنا پائے جب کہ سعود شکیل پانچ رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان سپر لیگ میں جارحانہ بلے بازی کی وجہ سے مشہور ہونے والے صہیب مقصود بھی متاثر کن کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکے اور صرف 19 رنز بنا کر رن  آؤٹ ہوگئے۔ایک اینڈ پر کھلاڑیوں کا آنا جانا لگا ہوا تھا تو دوسرے اینڈ پر اوپنر فخر زمان ڈوبتی کشتی کو سہارا دینے کی کوششوں میں مصروف رہے تاہم وہ 90 کے مجموعی سکور پر 47 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ فاسٹ باؤلر فہیم اشرف صرف پانچ رنز ہی بنا پائے جب کہ حسن علی مجموعے میں چھ رنز کا اضافہ کرسکے۔

ٹاپ آرڈر اور مڈل آرڈر کی مکمل ناکامی کے بعد آل راؤنڈر شاداب خان نے اننگز بچانے کی کوشش کی اور باؤلرز کے ساتھ مل کر مجموعے کو زیادہ سے زیادہ کرنے کی جدوجہد میں مصروف ہے۔ آخر کار 30 رنز بنا کر ان کی ہمت جواب دے گئی اور وہ 134 کے مجموعی سکور پر پویلین لوٹ گئے۔ ان کے بعد شاہین شاہ آفریدی اور حارث رؤف کے ناتواں کندھوں پر قومی ٹیم کا بوجھ آن پڑا لیکن وہ یہ بوجھ زیادہ دیر تک نہیں اٹھا پائے۔ شاہین آفریدی 12 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ حارث رؤف کوئی بھی رن سکور نہ کرسکے۔

انگلینڈ کرکٹ ٹیم کی جانب سے ثاقب محمود نے تباہ کن باؤلنگ کے ذریعے پاکستان کی بیٹنگ لائن کو تباہ کردیا۔ انہوں نے 10 اوورز میں 42 رنز دے کر چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ انہوں نے امام الحق، بابر اعظم، سعود شکیل اور فہیم اشرف کا شکار کیا۔ یہاں یہ بھی واضح رہے کہ ثاقب محمود نے اپنے کریئر میں اب تک صرف چار ون ڈے میچز ہی کھیل رکھے ہیں۔