رات میں تیز بارش متوقع ہے۔فائل فوٹو
رات میں تیز بارش متوقع ہے۔فائل فوٹو

کراچی میں ہلکی اور تیز بارش۔سڑکوں پر پانی جمع

کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے،نشیبی علاقے زیرآب آ گئے ،سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا،صبح سویرے ہونے والی بارش سے پھسلن کے باعث درجنوں موٹر سائیکل سوار زخمی ہو گئے ۔

دوسری جانب گلشن حدید، لانڈھی ، ایئرپورٹ ، ملیر اور کورنگی ،قیوم آباد اور دیگر علاقوں  میں تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔

نیو کراچی، صفورا چورنگی اور اطراف کے علاقوں سمیت گلشن اقبال، فیڈرل بی ایریا، نارتھ ناظم آباد، صدر، گادڑن ، کیماڑی کے علاقوں سے ہلکی بارش کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں مون سون بارشوں کے پہلے اسپیل کا آغاز ہوگیا ہے،رات میں تیز بارش متوقع ہے جبکہ بارش کا موجودہ سلسلہ 16 جولائی تک رہنے کا امکان ہے۔

ڈائریکٹر محکمہ موسمیات سردار سرفراز کے مطابق آج شہر قائد میں ہلکی سے معتدل بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہ سکتا ہے، جبکہ کل بھی دن میں ہلکی سے معتدل اور رات میں تیز بارش کا امکان ہے۔

سردار سرفراز نے بتایا ہے کہ معتدل درجے کی مون سون ہوائیں بحیرہ عرب سے زیریں سندھ میں داخل ہو رہی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ابھی تک سب سے زیادہ گلشن حدید میں 17ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ رات سے شہر قائد میں شروع ہوئی مون سون کی پہلی بارش کا سلسلہ کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارش کی صورت میں جاری ہے۔

اب سے کچھ دیر پہلے تک گلشن حدید کے بعد نوری آباد میں سب سے زیادہ 8ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ شہر کے دیگر علاقوں میں بارش کی صورتحال کچھ اس طرح رہی کہ پی اےایف فیصل بیس پر 5، یونیورسٹی روڈ پر 4اعشاریہ 3 ،لانڈھی میں 4، سعدی ٹاؤن میں 3اعشاریہ6 ، جناح ٹرمینل 3اعشاریہ 2 ، سرجانی ٹاون میں 2اعشاریہ 8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی ۔