سماعت کے دوران عدالت میں شہزاد اکبر کا صلح سے متعلق بیان حلفی پیش کیا گیا۔

صلح کے بعد نذیر چوہان کی ضمانت منظور

لاہور۔ سیشن کورٹ نے مشیر احتساب شہزاد اکبر سے صلح کی بنیاد پر پاکستان تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی نذیر چوہان کی ضمانت منظورکرلی۔

نجی ٹی وی کے مطابق سیشن کورٹ لاہور میں پی ٹی آئی رہنما نذیر چوہان کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔ سماعت کے دوران عدالت میں شہزاد اکبر کا صلح سے متعلق بیان حلفی پیش کیا گیا اور عدالت کے روبرومشیر احتساب کے نمائندوں نے راضی نامہ کی تصدیق کی۔

بعدازاں ایڈیشنل سیشن جج نے نذیر چوہان کی ضمانت ایک لاکھ کے مچلکوں کے عوض منظور کرلی۔ایم پی اے نذیر چوہان کے خلاف ایف آئی اے نے سائبر کرائم ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کررکھا تھا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کے مشیر احتساب شہزاد اکبر نے پی ٹی آئی کے رکن اسمبلی نذیر چوہان کی معافی قبول کرتے ہوئے انہیں معاف کر دیاتھا اور سٹامپ پیپر پر صلح نامہ بھی تحریر کیا تھا۔