باپ کوقتل کرنےوالابدبخت بیٹاگرفتار

پولیس نے کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں قتل کی افسوسناک واردات کی گتھی سلجھادی۔ پولیس کے مطابق کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن زیرو پوائنٹ سے 3 جولائی کی رات بزرگ کی لاش برآمد ہوئی تھی۔

اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ جائیداد کی لالچ میں بیٹے نے باپ کو پتھر مار کر قتل کیا۔ پولیس کے مطابق 50 سال کے بزرگ کو پتھر مار کر قتل کیا گیا تھا، واردات کا مقدمہ مقتول کے بیٹے کی مدعیت میں درج کیا گیا تھا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تحقیقات میں پتا چلا کہ مدعی مقدمہ بیٹا ہی باپ کا قاتل ہے، قاتل بیٹے نے واقعے کو ڈکیتی کا رنگ دینے کی کوشش کی۔

اس حوالے سے تفتیشی افسر کا کہنا ہے کہ دوران تفتیش انکشاف ہوا کہ مدعی مقدمہ بیٹے  نے ایف آئی آر میں غلط نام لکھوایا، مقتول کو بیٹے نے دوست کے ساتھ مل کر قتل کیا تھا۔

پولیس کا مزید کہنا تھا کہ مقتول اپنے والد کی جائیداد ہتھیانا چاہتا تھا، ملزم نے دوست کی مدد سے والد کو زیرو پوائنٹ پر بلوایا تھا۔باپ کو قتل کرنے والے بیٹےعجب خان کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ دوست کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔