مرکزی ملزم محب شاہ مقتول جنید اکبر کی منگیتر کو پسند کرتا تھا، اور اپنا راستہ صاف کرنے کے لئے اس نے فائرنگ کرکے جنید اکبر کو قتل کیا
مرکزی ملزم محب شاہ مقتول جنید اکبر کی منگیتر کو پسند کرتا تھا، اور اپنا راستہ صاف کرنے کے لئے اس نے فائرنگ کرکے جنید اکبر کو قتل کیا

پشاورمیں اسسٹنٹ ڈائریکٹرپی ڈی اےکےقتل کامعمہ حل

مندنی پولیس نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر پی ڈی اے جنید اکبر کے اندھے قتل کیس کا مرکزی ملزم گرفتار کرلیا۔با خبر ذرائع کے مطابق چارسدہ کے علاقے مندنی پولیس نے بڑی کاروائی کرتے ہوئے اسسٹنٹ ڈائریکٹر پی ڈی اے جنید اکبر کے اندھے قتل کیس کا مرکزی ملزم گرفتار کرلیا، اور ملزم نے ابتدائی تفتیش میں اعتراف جرم بھی کرلیا ہے۔

اس حوالے سے مندنی پولیس کا کہنا تھا کہ گزشتہ ماہ 23 جولائی کو مجیب عالم نے کیجولٹی اسپتال جمال آباد میں اپنے بھائی کے قتل کی رپورٹ درج کرتے ہوئے بیان دیا تھا کہ میرا بھائی جنید اپنے سسر کے گھر دعوت پر گیا تھا، جب وہ اپنی کار میں گھر آرہا تھا کہ شہیدہ پٹرول پمپ کے قریب نامعلوم  ملزمان نے اسے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔

واقع کا مقدمہ تھانہ مندنی میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا تھا۔ پولیس کی ٹیموں نے واقعے کی تفتیش کے دوران 40 سے 50 مشتبہ افراد سے تحقیقات کیں، اور اس دوران واقعے کے مرکزی ملزم محب شاہ ولد صنوبر شاہ کو بھی گرفتار کیا گیا۔

مرکزی ملزم نے دوران تفتیش اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے پولیس کو بتایا کہ وہ مقتول جنید اکبر کی منگیتر کو پسند کرتا تھا، اور اپنا راستہ صاف کرنے کے لئے اس نے فائرنگ کرکے جنید اکبر کو قتل کردیا۔

ملزم کی نشاندہی پر وقوعہ میں استعمال ہونے والا موٹرسائیکل بھی برآمد کرلیا گیا ہے، جب کہ ملزم سے مزید تفتیش کی جارہی ہے۔