ڈاکٹرعمران فاروق کےپڑوسیوں نے قاتلوں کاخاکہ بنوایا۔فائل فوٹو
ڈاکٹرعمران فاروق کےپڑوسیوں نے قاتلوں کاخاکہ بنوایا۔فائل فوٹو

بانی متحدہ نے عمران فاروق کے قتل کی سازش کی۔ محسن علی کااعترافی بیان

اسلام آباد ہائی کورٹ میں عمران فاروق قتل کیس میں سزا یافتہ ملزمان کی اپیل پر سماعت میں محسن علی کی جانب اعترافی بیان میں کہا گیا کہ کہ بانی متحدہ نے عمران فاروق کے قتل کی سازش کی۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں عمران فاروق قتل کیس میں سزا یافتہ ملزمان خالدشمیم،معظم علی،محسن علی کی اپیل پر سماعت ہوئی ، مجرم معظم علی، خالد شمیم اور محسن علی کے وکیل ہائیکورٹ میں پیش ہوئے۔

وکیل معظم علی نے عدالت کو بتایا کہ معظم علی نے کبھی بھی اقبال جرم نہیں کیا، بانی متحدہ نے25 ہزار پاؤنڈعمران فاروق قتل کیلیے خالد شمیم کو دیے،بانی ایم کیوایم کسی شادی پر خالد شمیم کو ملے تھے۔

وکیل نے خالد شمیم کے 4 اپریل 2010 کی چیک کی کاپی پیش کی اور بتایا کہ محمد انورکے ذریعے بانی ایم کیوایم نے قتل کے لیے کیش پیسہ دیا، جس پر چیف جسٹس ہائیکورٹ نے استفسار کیا اس معاملے میں معظم علی کا کیاکردار ہے؟ وکیل معظم علی نے بتایا کہ معظم علی پرالزام قاتلوں کو سہولت فراہم کرنے کاہے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس میں کہا کہ خالد شمیم کے وکیل کو پہلے سنتے ہیں، معظم علی کے وکیل کوبعد میں دلائل دیں، جسٹس عامر فاروق نے استفسار کیا کیا محسن علی کا قتل میں مرکزی کردارہے۔

وکیل محسن علی نے کہا جی بالکل مگر ثابت نہیں ہوا ہے بس الزام ہے،جسٹس عامر فاروق نے سوال کیا محسن علی لندن میں کیوں موجودتھے، جس پر وکیل نے بتایا محسن علی لندن میں زیر تعلیم تھے۔

جسٹس عامر فاروق کا ریمارکس میں مزید کہنا تھا کہ محسن علی پر چھری سے وار کرنے کاالزام ہے، چھری سے وار کرکے قتل کرنے کی فوٹیجزہے یا نہیں، جس پر وکیل نے بتایا کہ لندن،سری لنکاسےہوتےہوئےکراچی آنےپرمحسن علی گرفتارہوئے۔

چیف جسٹس ہائی کورٹ نے استفسار کیا محسن علی کانام عمران فاروق قتل کیس میں کیسےآیا اور عمران فاروق کےلندن میں پڑوسیوں نےکیارول اداکیا؟ جس پر وکیل نے بتایا کہ ڈاکٹرعمران فاروق کےپڑوسیوں نے قاتلوں کاخاکہ بنوایا ہے۔

محسن علی نے اعترافی بیان میں کہا کہ نائن زیرو پر کاشف، خالدشمیم،معظم علی سے ملاقات ہوتی تھی، بانی متحدہ نے عمران فاروق کی قتل کی سازش کی، لندن میں چھریوں کا سیٹ اور2 رین کوٹ خریدے اور چھری خریدنےکےبعدعمران فاروق کےگھرکےلان میں چھپادی۔

جسٹس عامرفاروق نے کہا 164کے بیان سے جہاں مکر گئے ہیں وہ عدالت کو بتایا جائے،سماعت کے دوران محسن علی کے وکیل نے خالدشمیم کے وکیل پر برہمی کااظہارکرتے ہوئے کہا کہ دلائل دینےکےدوران مجھےڈسٹرب نہیں کریں۔

جس کے جواب میں وکیل خالدشمیم کا کہنا تھا کہ میں آپ کی معاونت کر رہاہوں تو وکیل محسن علی نے کہا مجھےمعاونت کی کوئی ضرورت نہیں۔

بعد ازاں عدالت نے عمران فاروق قتل کیس میں سزا یافتہ ملزمان کی اپیل پر سماعت 23اگست تک کے لئے ملتوی کردی۔