چرچ میں آگ مبینہ طور پر جھگڑے کے دوران لگائی گئی۔فائل فوٹو
چرچ میں آگ مبینہ طور پر جھگڑے کے دوران لگائی گئی۔فائل فوٹو

کراچی۔ کیمیکل فیکٹری میں خوفناک آتشزدگی۔17 مزدور جاں بحق

کراچی:گودام چورنگی کے قریب کورنگی مہران ٹائون صنعتی ایریا میں واقع کیمیکل فیکٹری میں اچانک آگ بھڑک اٹھی جس نے دوسری منزل کو اپنی لپیٹ میں لے لیا،جھلس کراوردم گھٹنے سے17 مزدور جاں بحق ہوگئے جبکہ5 زخمی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق گودام چورنگی کے قریب کورنگی مہران ٹائون صنعتی ایریا میں واقع کیمکل فیکٹری میں صبح  نو بجے اچانک خوفناک آگ بھڑک اٹھی۔اطلاع ملتے ہی ریسکیو اہلکاراور فائر بریگیڈ کی گاڑیاں آگ بجھانے کیلیے پہنچ گئیں،متاثرہ فیکٹری میں کیمیکل سے چپلوں کو جوڑا جاتا ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق کیمیکل فیکٹری میں 15سے20مزدورکام کررہے تھے جنہیں نکالنے کا کام جاری ہے جن میں سے17 مزدورجاں بحق ہوگئے جن کی لاشیں نکال کرجناح ہسپتال منتقل کردی گئیں جبکہ امدادی کارروائی کے دوران عمارت  سے تین ریسکیو اہلکارگرکر زخمی بھی ہوئے ۔

ریسکیو حکام کے مطابق کیمیکل فیکٹری میں خطرناک دھواں بھرگیاتھا جس کے باعث اندر پھنسے ہوئے مزدورجاں بحق ہوئے،مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے،جاں بحق ہونے والے مزدوروں میں دو سگے بھائی بھی شامل ہیں۔

فائر بریگیڈ حکام نے آگ تیسرے درجے  کی قرار دیدی، شہر بھر سے فایر ٹینڈر طلب کرلیے گئے،متعدد مزدور فیکتڑی کے اندر پھنسے ہوئے ہیں جن کے دم گھٹنے کا خدشہ ہے،فیکٹری کی دیواریں گرائی جا رہی ہیں۔

ریسکیو حکام کے مطابق فیکٹری سے باہر نکلنے کا ایک ہی دروازہ تھا جس کو تالے لگے ہوئے تھے جبکہ فیکٹری کی چھت پر جانے والے راستے کے دروازے پر بھی تالہ لگا ہوا تھا جس کی وجہ سے مزدور اندر پھنس گئے تھے اور دم گھٹنے سے جاں بحق ہو گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فیکٹری کی تمام کھڑکیاں گِرل لگا کر بند کی گئی تھیں، کمروں میں کھڑکیوں کے ساتھ سامان رکھ دیا گیا تھا تاکہ کوئی کھڑکی تک نہ آسکے، بظاہر ان اقدامات کا مقصد فیکٹری میں چوری کا روکنا معلوم ہوتا ہے۔

آگ کی اطلاع ملتے ہی مزدوروں کے لواحقین بھی موقع پر پہنچ گئے جو اپنے پیاروں کے زندہ بچ جانے کا انتطارکرتے رہے،عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ تین افراد جان بچانے میں کامیاب رہے۔

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آٹھ فائر ٹینڈر اوراسنارکل ریسکیو آپریشن میں مصروف ہے جبکہ شہربھر سے فائر ٹینڈر طلب کر لیے گئےتھے تاہم اب یہ اطلاعات ہیں کہ آگ پر قابو پالیا گیا ہے اورکولنگ کا عمل جاری ہے۔

کے ڈی اے حکام کے مطابق کورنگی مہران ٹاؤن میں کیمیکل فیکٹری رہائشی پلاٹ پر ہے، کورنگی مہران ٹاؤن میں رہائشی پلاٹ نمبر C-40 پر فیکٹری قائم ہے، رہائشی پلاٹ پر کمرشل اور انڈسٹریل تعمیرات نہیں کی جا سکتیں۔

کے ڈی اے حکام کے مطابق مہران ٹاؤن سوسائٹی بیرون ملک پاکستانیوں کیلیے قائم کی گئی تھی۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کورنگی فیکٹری میں آتشزدگی کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر کراچی اور محکمہ لیبر سے تفصیلات طلب کرلی ہیں۔ ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ نے جاں بحق مزدوروں کے خاندانوں کی بھرپور مدد کرنے اور زخمیوں کا علاج کرانے کی ہدایت کی ہے۔