اگر مگرکرنے والوں کو کہوں گی کہ نواز شریف ملک واپس آئیں گے۔فائل فوٹو
اگر مگرکرنے والوں کو کہوں گی کہ نواز شریف ملک واپس آئیں گے۔فائل فوٹو

چاہتے ہیں اس حکومت سے عوام کی جلد جان چھوٹے۔مریم نواز

اسلام آباد:مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ مفاہمت تو دور حکومت سے بات بھی نہیں کی جانی چاہیے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نوازنے کہا کہ عوام پر ناجائز اور نااہل حکومت کو مسلط کیا گیا ہے، ملکی تاریخ میں اتنی نااہل حکومت کبھی نہیں آئی، حکومت کی کارکردگی نہیں تباہی کی بڑی داستان ہے، ملک میں لاقانونیت ہے، جگہ جگہ خواتین سے زیادتی کے واقعات ہورہے ہیں، کسی نے ملک میں تین سال کے دوران کسی چیزکے سستا ہونے کی کوئی خبرسنی، حکومت نے جو حال عوام کا کردیا ہے، اس سے مفاہمت کیسے ہوسکتی ہے، چاہتے ہیں کہ اس حکومت سے عوام کی جلد جان چھوٹے۔

مریم نوازنے کہا کہ مفاہمت تو دور حکومت سے بات بھی نہیں کی جانی چاہیے، ملک میں ظلم کی حکومت ہے، اس ناجائز اور مسلط حکومت کا احتساب نہیں انتقام ہے، اس حکومت کے انتقام کے آگے پیش ہونا کوئی عقلمندی نہیں، نواز شریف پر جو قرض تھا وہ اس سے زیادہ بھگت کرگئے ہیں، انہوں نے 3 سال سیاسی انتقام اور سزائیں بھگتی ہیں، اگر مگرکرنے والوں کو کہوں گی کہ نواز شریف ملک واپس آئیں گے، جب (ن) لیگ کو لگے گا کہ نواز شریف کو واپس آنا چاہیے تو وہ آجائیں گے اور پارٹی کی قیادت کریں گے۔

قومی حکومت سے متعلق شہباز شریف کے بیان کے حوالے سے مریم نواز نے کہا کہ شہبازشریف نے قومی حکومت کی نہیں، قومی مفاہمت کی بات کی ہے، باقی سیاسی پارٹیوں کو سوچنا چاہیے کہ ملک کو کیسے آگے لے کر جانا ہے۔ تمام پارٹیوں کو حکومت کے خلاف متحد ہونے کی ضرورت ہے۔

اپنے بیٹے جنید صفدر کی شادی سے متعلق مریم نوازنے کہا کہ میرا ایک ہی بیٹا ہے جس کے نکاح کے لیے باہرجانے کی حکومت سے اجازت نہیں مانگی۔