ابھی بھی اس طرح کی بارش نہیں ہوئی جس کی پیش گوئی کی گئی ہے۔فائل فوٹو
ابھی بھی اس طرح کی بارش نہیں ہوئی جس کی پیش گوئی کی گئی ہے۔فائل فوٹو

کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش۔موسم خوشگوار ہو گیا

کراچی میں کورنگی ، ملیر آئی آئی چندریگر روڈ کے اطراف سمیت مختلف علاقوں میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا ۔

کراچی کے علاقے گلشنِ حدید، پورٹ قاسم، کورنگی، ملیر، شارعِ فیصل، نارتھ کراچی، نیو کراچی، ناگن چورنگی, صدر کلفٹن ، ایم اے جناح روڈ سمیت مختلف علاقوں میں ہلکی بارش ہوئی۔

ہلکی بارش کی وجہ سے سڑکوں پر پھسلن ہونے سے درجنوں موٹر سائیکل سوار حادثات کا شکار ہوئے ہیں تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

ڈائریکٹر محکمۂ موسمیات سردار سرفراز کے مطابق شہرِ قائد کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش اور بوندا باندی ہوئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ کراچی میں آج مطلع ابر آلود رہنے کا امکان ہے جبکہ وقفے وقفے سے مختلف علاقوں میں بوندا باندی اور ہلکی بارش ہو سکتی ہے۔

ادھرکے الیکٹرک کی جانب سے بارش میں شہریوں کو برقی آلات کے استعمال میں خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایات جاری کی گئی ہے ، نجی ٹی وی کے مطابق ترجمان کے الیکٹرک نے کہا کہ کے الیکٹرک کی ٹیمیں مکمل طور پر متحرک ہیں ،پانی جمع ہونے کے سبب حفاظتی اقدامات کے تحت عارضی طو رپر بجلی بند کی جا سکتی ہے ، غیر قانونی ذرائع سے بجلی کا حصول اور کنڈے بارش میں جان لیوا حادثات کا سبب بنتے ہیں ۔