کراچی۔شہر قائد میں شدید گرمی کی لہر جاری ہے جس سے شہری بلبلا اٹھے۔
کراچی میں پارہ 39 ڈگری کو چھوگیا جب کہ ہوا کی رفتار اور فضا میں نمی سمیت مختلف عوامل کے باعث درجہ حرارت 42 ڈگری محسوس ہورہا ہے۔ طبی ماہرین نے گرم موسم کے پیش نظر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیارکرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔
محکمہ موسمیات نے ہوا کے کم دباؤ اور ڈپریشن کے حوالے سے منظرنامہ جاری کرتے ہوئے بتایا کہ مشرقی ہندوستان پر موجود ڈپریشن کمزور ہوچکا ہے جو اچھی علامت ہے، تاہم وسطی ہندوستان کا دوسرا کم دباؤ بھارتی گجرات راجستھان کے علاقے پر برقرار ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ہوا کے کم دباؤ کے اثرات جنوب مشرقی سندھ تک پھیلے ہوئے ہیں، اس سسٹم کے زیراثر نواب شاہ، تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص اور سانگھڑ میں گرد آلود آندھی و بارش کا امکان ہے، شہر قائد میں 16 ستمبر تک موسم شدید گرم رہے گا۔