بحریہ ٹاؤن،گڈاپ، ملیر اورآس پاس کے علاقوں میں مزید بارش ہو سکتی ہے۔فائل فوٹو
بحریہ ٹاؤن،گڈاپ، ملیر اورآس پاس کے علاقوں میں مزید بارش ہو سکتی ہے۔فائل فوٹو

 کراچی میں بارش۔متعدد علاقوں میں بجلی غائب

کراچی: شہر بھر میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلا دھار بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا اورپہلا قطرہ پڑتے ہی متعدد علاقوں بجلی بند ہو گئی۔

کراچی میں ملیر ہالٹ، رفاہِ عام اور دیگرعلاقوں میں تیز بارش شروع ہوئی، جس کے بعد کورنگی سنگر چورنگی، مہران ٹائون، گلشنِ اقبال، گلستانِ جوہر، گلشنِ معمار، نارتھ کراچی، نیو کراچی، ناگن چورنگی، مسلم ٹاؤن، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد،لیاقت آباد، تین ہٹی، شاہراہ فیصل ،صدر،کلفٹن،ڈیفنس اور شہر کے دیگر علاقوں میں بھی بادل زور و شور سے برسے ۔

بارش ہونے سے سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا، پھسلن سے درجنوں موٹر سائیکل سوار زخمی ہو گئے جبکہ  کے الیکٹرک کے درجنوں فیڈر ٹرپ کر گئے جس کے باعث متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی۔

محکمۂ موسمیات کے ڈائریکٹر سردار سرفراز نے پہلے ہی پیش گوئی کی ہے کہ کراچی میں آج دوپہر سے تھنڈر سیلز بننے کا سلسلہ شروع ہوگا جس سے شہر میں آج دوپہر یا شام میں ہلکی سے معتدل بارش ہو سکتی ہے۔