کابل میں یکے بعد دیگرے دو بم دھماکے۔25افراد ہلاک

کابل:افغانستان کے دارالحکومت کابل میں یکے بعد دیگرے دوبم دھماکے اور فائرنگ ہوئی جس کے نتیجے میں25 افراد ہلاک ہوگئے۔

نائب ترجمان امارت اسلامی بلال کریمی نے بھی کابل میں یکے بعد دیگرے دونوں دھماکوں کی تصدیق کردی ہے ۔بلال کریمی کے مطابق ،کابل میں دونوں دھماکے  سردارمحمد خان داؤد ملٹری اسپتال کے قریب ہوئے ۔

دوسری جانب افغان میڈیا کا بتانا ہے کہ دھماکوں کے نتیجے میں ہلاک افراد کی تعداد 25 ہوگئی ہے جبکہ 50سے زائد افراد زخمی بھی ہوئے ۔

رہائشیوں کی طرف سے شیئر کی گئی تصاویر میں وسطی کابل میں وزیراکبر خان کے علاقے میں سابق سفارتی زون کے قریب ہونے والے دھماکوں کے  بعد علاقے میں دھویں کے بادل نظرآ رہے ہیں۔

 افغان میڈیا کے مطابق ملٹری اسپتال کے دروازے کے قریب دھماکے کے بعد داعش کےجنگجو اسپتال میں داخل ہوئے، اس دوران  سردار داؤد خان ملٹری اسپتال میں داعش کےجنگجوؤں کی امارت اسلامی فورسزسےجھڑپ بھی ہوئی۔