امتیاز سپر اسٹور پر 170 روپے اضافی وصول کئے جارہے تھے(فائل فوٹو)
امتیاز سپر اسٹور پر 170 روپے اضافی وصول کئے جارہے تھے(فائل فوٹو)

مرغی کا گوشت مہنگا بیچنے پر امتیاز سپرمارکیٹ کیخلاف کارروائی کا حکم

رپورٹ:سید علی حسن:

امتیاز سپر مارکیٹ پر مرغی کا گوشت مہنگا فروخت کئے جانے پر وکیل نے کمشنر کراچی سے کارروائی کے لئے رجوع کرلیا ۔ اسسٹنٹ کمشنر جنرل نے وکیل کی شکایت پر ڈپٹی کمشنر جنوبی کو امتیاز سپر مارکیٹ کلفٹن کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق امتیاز سپر مارکیٹ پر مرغی کا گوشت مہنگا فروخت کئے جانے پر وکیل نے کمشنر کراچی سے کارروائی کے لئے رجوع کرلیا ۔ ایڈووکیٹ فراز فہیم صدیقی کی جانب سے شکایت درج کروائی گئی کہ امتیاز سپر اسٹور کلفٹن پر مرغی کا گوشت زائد نرخوں پر فروخت کیا جارہا ہے ۔ شکایت کنندہ کی جانب سے کمشنر کراچی ڈویژن کی ریٹ لسٹ اور امتیاز سپر مارکیٹ سے خریداری کی رسید جمع کرائی گئی ۔ کمشنر کراچی ڈویژن کی ریٹ لسٹ کے مطابق 2 نومبر 2021 کو برائلر مرغی 138 روپے فی کلو اور برائلر مرغی کا گوشت 214 روپے فی کلو ہے جبکہ امتیاز سپر مارکیٹ سے خریداری کی رسید کے مطابق صارف نے 2 نومبر 2021 کو مذکورہ اسٹور سے 384 روپے فی کلو کے حساب سے مرغی کا گوشت خریدا تھا ۔ بعد ازاں وکیل کی شکایت پر اسسٹنٹ کمشنر جنرل نے ڈپٹی کمشنر جنوبی کو امتیاز سپر مارکیٹ کلفٹن کے خلاف کارروائی کا حکم دے دیا ہے۔کمشنر کراچی آفس کی جانب سے لیٹر نمبر No.CK/DB(C.R)/2021/150/2021 جاری کیا گیا ہے جس میں ڈپٹی کمشنر کراچی کو کہا گیا ہے کہ امتیار سپر مارکیٹ کلفٹن میں مرغی کا گوشت 214 روپے کلو کے بجائے 384 روپے کلو فروخت ہونے کی شکایت موصول ہوئی ہے ، اس سلسلے میں آپ کو ہدایت دی جاتی ہے کہ شکایت کنندہ فراز فہیم کی شکایت پر قوانین کے تحت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔

اس حوالے سے شکایت کنندہ وکیل فراز فہیم صدیقی ایڈووکیٹ نے امت کو بتایا کہ امتیاز سپر مارکیٹ کلفٹن پر کمشنر کراچی ڈویژن کی ریٹ لسٹ کے بجائے زائد نرخوں پر مرغی کا گوشت فروخت کیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کمشنر کراچی ڈویژن ریٹ لسٹ بنانے سے قبل پولٹری فامرز سے پوچھتے ہیں کہ انہوں نے کتنی قیمت پر گوشت بیچا ہے وہ قیمت پتہ کرنے کے بعد ٹرانسپورٹ کا خرچہ اور پروفٹ اس قیمت میں شامل کرنے کے بعد ہی ریٹ لسٹ جاری کی جاتی ہے ، اس حساب سے تو پرافٹ اور ٹرانسپورٹ کا خرچہ لگانے کے بعد 214 روپے کلو مرغی کا گوشت فروخت ہونا چاہیے تھا مگر امتیاز سپر مارکیٹ پر تقریبا 170 روپے فی کلو اضافی پیسے وصول کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ زائد قیمت پر مرغی کا گوشت فروخت کرنے کے خلاف میں نے کمشنر کراچی آفس میں شکایت کے لئے رجوع کیا تو وہاں افسران نے مجھے کہا کہ آپ آن لائن شکایت درج کرادیں اور وہاں سے مجھے واٹس ایپ کمپلین سیل کا نمبر دے دیا گیا جس پر میں نے اپنی شکایت رجسٹرڈ کرائی۔ میری شکایت پر اسسٹنٹ کمشنر جنرل نے نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر جنوبی کو امتیاز سپر مارکیٹ کلفٹن کے خلاف کارروائی کا حکم دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اگر ڈپٹی کمشنر کراچی کی کی جانب سے کارروائی نہیں کی جاتی تو ان کے خلاف سندھ ہائی کورٹ میں پٹیشن داخل کروں گا۔