جنوبی افریقہ ناقابل شکست انگلینڈ کو ہراکر بھی سیمی فائنل میں نہ پہنچ سکا
جنوبی افریقہ ناقابل شکست انگلینڈ کو ہراکر بھی سیمی فائنل میں نہ پہنچ سکا

فتح کے باوجود جنوبی افریقہ باہر-پاکستان-آسٹریلیا کا سیمی فائنل میں جوڑ پڑگیا

شارجہ:جنوبی افریقہ ورلڈ ٹی20 کے سپر12 مرحلے کے اپنے آخری میچ میں انگلینڈ کو شکست دینے کے باوجود سیمی فائنل تک رسائی میں ناکام رہا۔ پروٹیزکو لاسٹ فورتک پہنچنے کیلیے میچ کم ازکم 58رنز سے جیتنا لازمی تھا تاہم اسے صرف10رنز کی فتح نصیب ہوئی جس کی وجہ سے کینگروز بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر سیمی فائنل تک رسائی میں کامیاب ہوگئے۔
سیمی فائنل میں پاکستان کا مقابلہ آسٹریلیا سے سے ہوگا تاہم آئی سی سی کی جانب سے اس کا باضابطہ اعلان کیا جانا باقی ہے۔ انگلینڈ کیخلاف میچ کے آخری اورر میں پروٹیز فاسٹ بالر کاگیسو ربادا نے ہیٹ ٹرک کرکے اپنی ٹیم کو فتح دلوائی۔
گروپ 1 کے آخری میچ میں جنوبی افریقہ نے انگلینڈ کو دلچسپ مقابلے کے بعد10رنز سے شکست دیدی۔انگلش ٹیم کو فتح کیلئے آخری اوور میں صرف 14 رنز درکار تھے جبکہ کریز پر کرس ووکس اور مورگن کی موجودگی سے بظاہر لگ رہا تھا کہ وہ ہدف حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائے گی تاہم فاسٹ بالر ربادا نے شاندار کم بیک کرتے ہوئے اوورکی ابتدائی 3گیندوں پر ہیٹ ٹرک کی اور میچ کا پانسا اپنے حق میں پلٹ دیا۔
انہوں نے مورگن، ووکس اورکرس جورڈن کو اپنا شکار بنایا۔ ربادا اس سے قب اپنے ابتدائی3 اوور میں وکٹ لیے بغیر45رنز دیکر خاصے مہنگے ثابت ہوئے تھے۔ قبل ازیں جنوبی افریقہ نے انگلینڈ کی دعوت پر پہلے بلے بازی کی۔ پروٹیز نے راسی ڈوسن اور کپتان آئیڈن مارکرم کی طوفانی اننگز اور بہترین پارٹنرشپ کی بدولت 2وکٹوں کے نقصان پر189رنز بنائے۔ ڈوسن 6چھکوں اور 5 چوکوں کی مدد سے94رنز بناکر ناقابل شکست رہے جبکہ مارکرم نے ورلڈکپ کی دوسری تیز ترین نصف سنچری اسکور کی۔ اسٹار بیٹسمین 4چھکے اور 2چوکے لگاکر 52رنز پر ناٹ آوٹ رہے۔دونوں کھلاڑیوں نے8اعشاریہ4اوورز میں103رنز جوڑے۔ ڈی کاک34رنز بناسکے۔ معین علی اور راشد علی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
جواب میں انگلینڈ نے جارحانہ انداز میں ہدف کا تعاقب کیا تاہم 38 کے مجموعے پر جیسن رائے 20 کے انفرادی اسکور پر رٹائر ہرٹ ہوگئے جس کے بعد 85 کے مجموعی اور 26کے انفرادی اسکور پر بٹلر بھی نورٹائی کی گیند پر باووما کو کیچ دے بیٹھے۔ ایک رنز کے اضافے کے بعد تبریز شمسی نے بیرسٹو کو ایل بی ڈبلیو آوٹ کیا تاہم اس کے بعد معین علی اور ڈیوڈ مالان نے اسکورآگے بڑھایا تاہم 110 کے ٹوٹل پر معین علی بھی 37 رنز بناکر ملر کو کیچ دے بیٹھے جس کے کچھ دیر بعد مالان بھی 33 رنز بناکر پریٹوریس کی گیند پرکیچ آوٹ ہوئے۔ تاہم اس وقت تک سیمی فائنل تک رسائی کا معاملہ جنوبی افریقہ کے ہاتھ سے نکل چکا تھا۔165 کے مجموعے پر لیونگ اسٹون نے بھی کریز چھوڑی دی۔ آخری اوور میں انگلینڈ کو6گیندوں پر14رنز درکار تھے تاہم ربادا نے صرف 3رنز کے عوض تین کا شکار کرکے میچ اپنے نام کرلیا۔ بہترین کارکردگی پرڈوسن کو مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔
اس فتح کے ساتھ جنوبی افریقہ نے آسٹریلیا کے مقابلے میں اپنے پوائنٹس برابر کرلیے تھے تاہم وہ نیٹ رن ریٹ کے معاملے میں پیچھے رہ گیا۔ پروٹیز کو نیٹ رن ریٹ 1.216 سے زیادہ کرنے کیلئے کم ازکم 58رنز کی فتح درکار تھی۔ گروپ ون سے سیمی فائنل تک رسائی کی دوڑ مکمل ہوچکی ہے جبکہ انگلینڈ اور آسٹریلیا اپنی جگہ پکی کرچکی ہیں۔ اس کے مقابلے میں گروپ ون سے ناقابل شکست پاکستان ہی صرف لاسٹ فور میں قدم رکھا ہے جبکہ اس کا مقابلہ آسٹریلیا سے ہوگا۔ گروپ ٹو سے سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرنے والی دوسری ٹیموں میں نیوزی لینڈ اورانڈیا میں سخت مقابلہ جاری ہے۔ نیوزی لینڈ کو افغانستان سے شکست کی صورت میں بہتر رن ریٹ کی بنیاد پر بھارت رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوجائے گا تاہم اس کیلیے بھارت کو اپنا آخری میچ جیتنا لازمی ہوگا۔