مہم کے تحت ٹیمیں گھر گھر جا کر ویکسین لگائیں گی۔اسد عمر۔فائل فوٹو
مہم کے تحت ٹیمیں گھر گھر جا کر ویکسین لگائیں گی۔اسد عمر۔فائل فوٹو

معصوم بچوں کی باتوں کا برا نہیں منانا چاہیے۔اسد عمر

کراچی:وفاقی وزیراسد عمرنے چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ معصوم بچوں کی باتوں کا برا نہیں منانا چاہیے ، وہ کہتا ہے کہ ہمیں وقت چاہیے ، بیٹا آپ کے نانا 1971 میں اقتدار میں آئے،آپ کی وفاق میں 4 اور صوبے میں 6 دفعہ حکومت آئی، آپ کواور کتنا وقت چاہئے ؟۔

کراچی میں گرین لائن بس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ یہ لوگ تو بڑے آرام سے کہہ کر نکل جاتے ہیں کہ جب بارش آتی ہے تو پانی آتا ہے ، جب زیادہ بارش آتی ہے تو زیادہ پانی آتا ہے ، یہ لوگ صرف سندھ کا نام لیتے ہیں جبکہ کام عمران خان کرتا ہے ۔

اسد عمر نے کہا کہ کراچی کے تین بڑے نالے ہیں ، صوبے میں 13 سال حکومت کے باوجود یہ کراچی کے تین بڑے نالوں کی صفائی تک نہیں کرا سکے ،  ہماری صوبے میں حکومت نہیں لیکن اس کے باوجود پاکستان تحریک انصاف کی وفاقی حکومت نے اس کی ذمے داری لی ،اورنگی اورگجرنالوں پر50 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، جو آئندہ موسم گرما میں مکمل ہو جائیں گے ، ان نالوں کی صرف صفائی نہیں ہو رہی  بلکہ ان نالوں کو کنکریٹ ڈال کر پختہ کیا جا رہا ہے اور اطراف  میں سڑکیں ڈالی جا رہی ہیں،ان نالوں سے تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا ہے ۔

اسد عمر نے کہا کوئی قانونی رکاوٹ نہیں ہے لیکن اس کے باوجود سندھ حکومت نے کورونا کی ویکسین تک نہیں خریدی ، ان کو ویکسین  وفاق دے رہا ہے ، ان سے ایک بس تک نہیں خریدی گئی ،  ان کے وزیر ٹرانسپورٹ کہتے ہیں کہ  بسوں کا  پیسہ  پی ٹی آئی نے نہیں دیا ، میں چیلنج کرتا ہوں کہ میرے ساتھ کھڑے ہو کر صحافیوں کے سامنےبات کریں، میں بتا دوں کہ 14 جون 2021  کو ایس آئی ڈی سی ایل کو پیسہ دیا گیا جس کے بعد انہوں نے  بسیں منگوائیں۔

ان کا کہناتھا کہ  پیپلزپارٹی کی حکومت 6 دفعہ  صوبے اور 4 دفعہ وفاق میں حکومت بنانے کے باوجود ایک کلو میٹر کی موٹروے نہیں بنائی پائی ، سکھر حیدر آباد موٹر وے  پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے مکمل کی جس کا افتتاح وزیر اعظم ایک دو ماہ میں کریں گے ۔

وفاقی وزیر اسد عم نے احسن اقبال کو بھی طنز کا نشانہ بنایا ، کہا کہ کل ایک صاحب دو انگلیاں دکھاکر  کراچی کیلئے اپنی قربانیوں کا ذکر کر رہے تھے ، آج کے بعد کراچی کے لوگوں کو یقین ہو جائے گا کہ عمران خان صرف اعلانات نہیں کرتے ۔