ماڈل کالونی میں پولیس مقابلہ۔ 1 ڈاکو ہلاک۔ پولیس اہلکار زخمی

کراچی کے علاقے ماڈل کالونی میں پولیس مقابلے کے دوران 1 ڈاکو ہلاک جبکہ پولیس اہلکار شدید زخمی ہو گیا، ہلاک ڈاکو ساتھیوں سمیت گھر میں لوٹ مارکے لیے داخل ہوا تھا۔

ایس ایس پی کورنگی شاہجہاں خان کے مطابق ماڈل کالونی میں گول گراؤنڈ کے قریب کارسوار3 ڈاکو لوٹ مار کے لیے 1 گھر میں داخل ہوئے تو سامنے والے گھر کے رہائشی نے 15 پر پولیس کو ڈاکوؤں کی اطلاع دی۔

پولیس نے موقع پر پہنچ کرگھر کا گھیراؤ کیا اور ملزمان سے مقابلہ کیا، اس دوران ماڈل کالونی تھانے کی نفری بھی پہنچ گئی۔

ڈاکوؤں نے کار میں سوار ہو کر فرارہونے کی کوشش کی تاہم فائرنگ کے تبادلے میں 1 ڈاکو کار میں گولی لگنے سے زخمی ہو کردم توڑ گیا جس کے بعد 2 ڈاکو کار چھوڑکرفرارہوگئے۔

ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار فرحان زخمی ہو گیا جوآئی سی یو میں زیرِ علاج ہے۔ملزمان ڈکیتی کے دوران نقلی زیورات، 3 لاکھ روپے سے زائد کی رقم، اسلحہ اور کار چھوڑ کر فرار ہو گئے۔

ڈاکوؤں سے ملنے والے 3 میں سے 1 پستول نقلی ہے جبکہ ہلاک ڈاکو کی شناخت نہیں ہو سکی ۔