دوسری شادی کی خواہش شوہرکی جان لے گئی

کراچی:گلستان جوہر میں سالے نے جھگڑے کے دوران بہنوئی کو گولی مارکر ہلاک کردیا۔ پولیس نے ملزم کو گرفتارکرکے آلہ قتل پستول برآمد کرلیا۔

گلستان جوہر بلاک 8 میں واقع مکان نمبرA70 کے اندر جھگڑے کے دوران فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ قتل کی واردات کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی تو گھر والوں نے ملزم کو پکڑا ہوا تھا، تاہم پولیس نے ملزم کو گرفتارکرکے اس کے قبضے سے آلہ قتل پستول اپنی تحویل میں لیا اورلاش پوسٹ مارٹم کی کارروائی کیلیے عباسی شہید اسپتال منتقل کی۔

ایس ایچ او فاروق سنجرانی کے مطابق مقتول کی شناخت 35 سالہ اسلم ولد پرویز کے نام سے ہوئی اور اس کا اپنے سالے فرحان سے جھگڑا ہوا تھا جس پر فرحان نے طیش میں آکر فائرنگ کردی جو بہنوئی کیلئے جان لیوا ثابت ہوئی۔

پولیس کے مطابق مقتول دوسری شادی کرنا چاہتا تھا اوراس پران کے درمیان رنجشیں تھیں اوراسی سلسلے میں وہ لوگ گھر پر بات کررہے تھے کہ یہ واقعہ رونما ہوا۔ تاہم پولیس واقعے کی مزید چھان بین کررہی ہے ۔