پولیس اہلکار فرحان آج دورانِ علاج اسپتال میں دم توڑ گیا۔فائل فوٹو
پولیس اہلکار فرحان آج دورانِ علاج اسپتال میں دم توڑ گیا۔فائل فوٹو

مقابلے میں زخمی ہونے والا پولیس اہلکار دم توڑ گیا

کراچی: ملیر ماڈل کالونی میں گزشتہ روز پولیس اور ملزمان کے درمیان فائرنگ کے واقعے میں زخمی ہونے والا پولیس اہلکار فرحان آج دورانِ علاج اسپتال میں دم توڑ گیا۔

گزشتہ روز کراچی کے علاقے ماڈل کالونی میں پولیس مقابلے کے دوران 1 ڈاکو ہلاک جبکہ پولیس اہلکار فرحان شدید زخمی ہو گیا تھا، ہلاک ڈاکو ساتھیوں سمیت گھر میں لوٹ مار کے لیے داخل ہوا تھا۔

ایس ایس پی کورنگی شاہجہاں خان کے مطابق ماڈل کالونی میں گول گراؤنڈ کے قریب کار سوار 3 ڈاکو لوٹ مار کے لیے ایک گھر میں داخل ہوئے تو سامنے والے گھر کے رہائشی نے 15 پر پولیس کو ڈاکوؤں کی اطلاع دی۔

پولیس نے موقع پر پہنچ کرگھر کا گھیراؤ کیا اور ملزمان سے مقابلہ کیا، اس دوران ماڈل کالونی تھانے کی نفری بھی پہنچ گئی۔

ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار فرحان شدید زخمی ہوا تھا جو آئی سی یو میں زیرِ علاج تھا، تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دورانِ علاج آج چل بسا۔